منشیات کے خلاف نفرت کوبیدار کرنے کیلئے آگہی پروگرامزکاانعقاد ناگزیر ہے ،چوہدری محمداشرف

جمعہ 8 جنوری 2016 20:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) منشیات کے خلاف نفرت کوبیدار کرنے کے لئے آگہی پروگرامزکاانعقاد ناگزیر ہے تاکہ آئندہ نسل کو اس لعنت سے دور رکھ کر صحت مند معاشرے کی بنیادیں مضبوط کی جاسکیں۔یہ بات سینئر ڈی او سوشل ویلفےئر چوہدری محمداشرف نے انجمن انسداد منشیات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے زیراہتمام اقبال ماڈل گرلز ہائی سکول طارق آباد میں منعقدہ انسداد منشیات سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انچارج شعبہ سائیکالوجی ڈی ایچ کیو ڈاکٹر امتیازڈوگر،جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات محمدانوارخاں،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس کاشف مشتاق،پرنسپل نزہت کوثر،میڈیکل سوشل آفیسر عائشہ انجم،عاصمہ مزمل،ایگزیکٹو ممبر محمدپرویز ،اینٹی نارکوٹکس فورس کے ممبران اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈی او سوشل ویلفےئر نے کہا کہ نشہ تمام برائیوں کی جڑہے جو پورے خاندان کو ہرلحاظ سے برباد کردیتا ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل اس بربادی سے دور رہیں اوردوستوں،عزیزواقارب کو بھی اس لعنت سے دوررہنے کی نصیحت کریں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات فروشوں کے خلاف کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اورکہا کہ طلباء وطالبات میں منشیات کے خلاف نفرت اجاگر کنے کے لئے سیمینارزباقاعدگی سے جاری رہنے چاہیں۔امتیازاحمدڈوگرنے نشہ کی اقسام،اس سے پیداشدہ خطرناک وجان لیوا بیماریوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے نشہ سے بچاؤ کے طبی طریقوں سے آگاہ کیا۔

جنرل سیکرٹری انجمن انسداد منشیات انوارخاں نے بتایا کہ ڈی سی او نورالامین مینگل کی ہدایت پربوائز اورگرلز تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات کو منشیات کے نقصان سے آگاہ کرنے کے لئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوررس نتائج برآمد ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشہ کے خلاف جنگ بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔سیمینار سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خاتمے میں ہرفرد کو کردارادا کرنا چاہیے۔اس موقع پر مقررین نے طالبات کی طرف سے کئے گئے بعض سوالات کے بھی جواب دئیے۔

متعلقہ عنوان :