اسلامی یونیورسٹی اور رفاہ انٹرنیشنل کے اعلیٰ عہدیداروں کی ملاقات

افریقی ایشیائی اسلامی جامعات کے اجلاس کے انعقاد پر تبادلہ خیال

جمعہ 8 جنوری 2016 20:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور رفاہ انٹرنیشنل کے اعلیٰ عہدیداروں کے مابین ملاقات میں افریقی ایشیائی اسلامی جامعات کے اجلاس کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد و رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی سمیت ملائشیاء ، روس ، سوڈان ، یوگنڈااور کئی ایک ممالک کی جامعات شرکت کریں گی۔

جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں ہونے والے اس اجلاس کی صدارت صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور وائس چانسلررفاہ یونیورسٹی ڈاکٹر انیس احمد نے کی۔ اجلاس کے دوران دونوں جامعات کے عہدیدران پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جو دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت افریقی ایشیائی اسلامی جامعات کے اجلاس بارے انتظام و انصرام کا جائزہ لے کر اقدامات کرے گی۔

(جاری ہے)

افریقی ایشیائی اسلامی جامعات کے اجلاس میں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد، رفاہ انٹرنیشنل ،اسلامی یونیورسٹی چٹا گانگ، اسلامی یونیورسٹی ملائشیاء، اسلامی یونیورسٹی یوگنڈا، چاڈ شاہ فیصل یونیورسٹی، روس کی اسلامی یونیورسٹی اور دیگر جامعات شامل ہوں گی۔ اس اجلاس میں عربی زبان کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد کے لیے اسلامی یونیورسٹی آئسسکو کی جانب سے تعاون کی خواہاں ہے جبکہ رابطہ عالم اسلامی اس کی نگرانی کرے گا، انہوں نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی اس ضمن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

ڈاکٹر الدریویش نے مزید بتایا کہ اجلاس بارے متعلقہ مجوزات رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ عبدالمحسن الترکی کو ارسال کر دی گئی ہیں ۔