وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کی ملاقات

جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کیے گئے ہیں :شہبازشریف صحت کے شعبہ کی ترقی اور عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریکارڈ بجٹ دیا ہے:وزیراعلیٰ

جمعہ 8 جنوری 2016 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزرفتاری سے عملدر آمد کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہری اوردیہی علاقوں کی ترقی کیلئے متوازن پالیسی پر کام کررہی ہے ۔ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ وسائل مختص کیے گئے ہیں جبکہ مختلف منصوبوں میں بھی جنوبی پنجاب کا کوٹہ زیادہ رکھا گیا ہے۔ہمارا ہر قدم عوام کی خوشحالی اوران کا معیار زندگی بلندکرنے کیلئے اٹھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ اڑھائی برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کاسفر پہلے سے بڑھ کر جاری رہے گا ۔

صحت کے شعبہ کی ترقی اور عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ریکارڈ بجٹ دیا ہے۔ حکومت عوام کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات اور ڈاکٹرز کی دستیابی، دیہی و بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ عام آدمی کا معیاری طبی سہولتوں پر پورا حق ہے اور یہ حق ہم نے مل کر لوٹانا ہے۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے نجف عباس سیال،ایم پی ایزرائے منصب علی خان ،ملک احمد یار ہنجرااور رامیش سنگھ اوڑہ شامل تھے ۔