سرکی کلاں مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، قدرت اﷲ مینگل

سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، نالیاں بند، گندگی کے ڈھیر، اسٹریٹ لائٹس کا نام و نشان نہیں، نوٹس لیا جائے، یونٹ سیکرٹری

جمعہ 8 جنوری 2016 17:41

کوئٹہ ( (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) )سرکی کلاں مسائل کا گڑھ بن چکا ہے علاقے سے منتخب نمائندوں نے آج تک علاقے پر توجہ نہیں دی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، اسٹریٹ لائٹس کا نام و نشان مٹ چکا ہے اندھیرا ہونے کے باعث راہزنی کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں نشے کے عادی افراد نے علاقے کا ماحول خراب کررکھا ہے ان خیالات کا اظہار بی این پی سرکی کلاں کے یونٹ سیکرٹری قدرت اﷲ مینگل،ظہور احمد محمد شہی،منیر احمد کرد،مقبول،شیر محمد مینگل،طارق اور دیگر نے اپنے بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے دوران علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس کے باعث شہر کا مرکزی علاقہ قرون وسطیٰ کا منظر پیش کررہا ہے نالیاں بند ہونے سے گندا پانی سڑک پر بہتا رہتا ہے سرشام لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ جاتے ہیں علاقے کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے نمائندوں نے آج تک علاقے کا دورہ کرنا گوارہ نہیں کیا۔منشیات کے عادی افراد کے ٹولے راہ چلتے لوگوں کو تنگ کرتے ہیں ۔علاقے میں صفائی کا بھی کوئی انتظام نہیں انہوں نے میئر ڈاکٹر کلیم اﷲ، ڈپٹی میئر سے مطالبہ کیا کہ علاقے میں صفائی کا انتظام کیا جائے نیز سڑکوں اور نالیوں کی مرمت کرائی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔