سندھ کے نوجوان علمی استعداد بڑھانے کیلئے لائبریریوں سے تعلق جوڑیں ، شفیق احمد مہیسر

جمعہ 8 جنوری 2016 16:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) سندھ کے نوجوان ملکی سطح پر تعلیمی مقابلوں میں اپنی قابلیت ، استعداد اور معلومات بڑھانے کیلئے لائبریریوں سے تعلق جوڑ کر خود کو سرخرو کریں۔ تعلیمی شعور کو اجاگر کرنے کے لئے اساتذہ اور طلبہ کالائبریریوں سے رجوع لازم ہے۔ یہ بات کمشنر میرپور خاص شفیق احمد مہیسر نے گل محمد رند ہائی اسکول میں ہیلپنگ ہینڈ پاکستان کی جانب سے منعقدہ ٹیچرز اینڈ چلڈرن لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب کی صدارت ممتاز ادیب و دانشور اکادمی ادبیات پاکستان سندھ کے سابق ڈائریکٹر آغا نور محمد پٹھان نے کی۔ شفیق احمد مہیسر نے اسکولوں میں لائبریریوں کے قیام کو سراہتے ہوئے طلبہ و اساتذہ کو ادب، تاریخ، ثقافت اور معلوماتِ عامہ پر مشتمل جدید کتب کے مطالعے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

صدر نشیں آغا نور محمد پٹھان نے کہا کہ سندھ میں اساتذہ اور طلبہ و طالبات میں تعلیمی و سماجی شعور بڑھانے کیلئے لائبریری کلچر پر توجہ اشد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی پسماندگی دور کرنے کیلئے پرائمری و سیکنڈری سطح پر اسکولوں میں اساتذہ و طلبہ و طالبات کیلئے کتاب سے تعلق جوڑنے کے اقدامات بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان اور خاص طور پر سندھ کے تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طلبہ کیلئے ہیلپنگ ہینڈ کے تعاون سے لائبریریوں کے قیام کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

میر پور خاص، بدین، سانگھڑ اور نوابشاہ میں بھی کتابوں کے تحائف دیئے جا رہے ہیں۔ آغا نور محمد پٹھان نے کہا کہ سندھ کے تمام اضلاع میں شائننگ اسٹار رائنٹرز کلب کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے اس حوالے سے میرپورخاص میں مرزا عاصی اختر کی سربراہی میں ایک نشست کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں معروف شاعر ایوب خاور، تعلیمی و ادبی شخصیت محمد یامین شیخ، غلام رسول بلوچ ، میر پور خاص کلسٹر کے نبیل اختر، آرفن سپورٹ پروگرام کے ہیڈ رانا مبین احمد اور فیلڈ کوآرڈینیٹر محمد مسعود آرائیں بھی موجود تھے۔

ان تمام لوگوں نے یتیم بچوں کی تعلیم کیلئے کفالت کے حوالے سے ہیلپنگ ہینڈ کی خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ لائبریری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر استقبالی کلمات میں گورنمنٹ مڈل اسکول گل محمد رند کے ہیڈ ماسٹر سلیمان گرگینر نے ہیلپنگ ہینڈ اسلام آباد کی جانب سے کتابوں کے تحائف دینے پر اظہار تشکر کیا۔

متعلقہ عنوان :