سرزمین حرمین کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ جائے گا‘ پروفیسر ساجد میر

جمعہ 8 جنوری 2016 16:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے جمعہ کے روز ملک بھر میں یوم تحفظ حرمین شریفین منایا۔مساجد میں خطبات جمعہ کے دوران سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرزمین حرمین کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستا ن کامیاب رہا، سیاسی وعسکری قیادت نے سعودی عرب کا ہر مشکل کی گھڑی میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ثالث کا کردار ادا کرے۔ مشکل حالات میں اختلافات اور مسائل کا پرامن طریقے سے حل کیا جانا امتِ مسلمہ کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی روایات کا احترام کرتے ہوئے کسی ملک کو کسی کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول کی پاسداری کرنی چاہیے ۔دہشت گردی کے خلاف بننے والا اتحاد عربی ہو یا عجمی ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلمانوں میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی پر تشویش پائی جاتی ہے۔ اس صورتحال میں دہشت گر د اور فرقہ پرست عناصرمسلم امہ کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہی ہیں۔

ہمیں مشکل کی اس گھڑی میں مسلمانوں کے اتحاد کے لیے تمام اختلافات کاپرامن حل نکالنا ہو گا۔سعودی عرب اورا یران کے درمیان کشیدگی کم کرنے مسئلہ کا کوئی سیاسی حل نکل نکالنا چاہیے۔دریں اثناء یوم عظمت حرمین شریفین کے سلسلے میں لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، گوجرنوالہ، سیالکوٹ، اسلام آباد، ساہیوال، ملتان ،سرگودھا اور رحیم یارخان، قصور، اوکاڑہ، جھنگ گجرات، سکھر ،حیدر آباد، کراچی ، اٹک ، پشاور ،کوئٹہ اور آزادکشمیر میں بھی یوم تحفظ حرمین شریفین کے تحت علماء نے مساجد میں جمہ کے جتماعات سے خطاب کیا اور کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہرقسم کی قربانی دیں گے۔

علاوہ ازیں مرکزی امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے 10 جنوری بروز اتوار کو لاہور مرکزی دفتر میں پارٹی کی مجلس عاملہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔ جس میں ملکی وبین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور ایران کی کشیدگی پر غور اور آئندہ کا لا ئحہ عمل تیار کیا جائے گا۔