معذور اور نادار افراد کے لیے خدمت کارڈ کے اجراء اور بلا سود قرضوں کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کے شکر گزار ہیں،سید ہارون احمد سلطان

جمعہ 8 جنوری 2016 15:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر بیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا ہے کہ محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی جانب سے معذور اور نادار افراد کے لیے خدمت کارڈ کے اجراء اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے ان کا تہہ دل سے شکر گزارہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے اس اقدام سے جہاں معذور افراد کو اپنی کفالت آپ کرنے کا موقع ملاہے وہاں ان کا اپنی ذات پر اعتماد بھی بحال ہوا ہے اور وہ ملازمتوں پر انحصار کی بجائے خود اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکرکاروبار کی جانب مسائل ہوئے ہیں۔

اب انشاء الله کسی ماں کو اپنی معذوراولاد کے لیے موت کی دعا نہیں کرنی پڑے گی۔بلکہ ہاتھ ان کی کامیابی کے لیے اٹھیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے معذور افراد کی بحالی کے لیے کام کرنے والی این جی او کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ سید ہارون احمد سلطان نے وفد کوبتایا کہ اس حوالے سے محکمہ سوشل ویلفیئر بھی اپنی بھرپور خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

نابینا افراد کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل مسلسل جاری ہے۔ تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے افراد کو خصوصی گرانٹس اور ملازمتوں کے علاوہ بلاسود قرض بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ سرٹیفکیٹس کی بروقت فراہمی کے لیے DHQاور THQکی استعداد میں خصوصی اضافہ کیا گیاہے۔ ڈیٹا کو مستند بنانے کے لیے تصدیقی عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ 2015ء میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی بڑی کامیابی معذور افراد کے لیے سرکاری ونیم سرکاری اداروں میں مختص کوٹہ میں اضافہ ہے جس کے تحت گزشتہ سال ملکی تاریخ میں پہلی بار 1787نشستیں مشتہر کی گئی جن میں سے 892نشستوں پر معذور افراد پوری کامیابی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں باقی کی نشستوں پر بھرتیوں کا عمل جو بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر تعطل کا شکار ہوگیاتھا دوبارہ شروع کیا جارہاہے اس کے علاوہ گزشتہ برس پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ برائے بحالی معذور اں کی گرانٹ میں6فیصد اضافہ کیا گیاہے جسے مستحق معذورافراد کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جارہاہے۔