فیصل آباد کی مستحق دیہی بیوہ خواتین میں مختلف اقسام کے 551 مویشی تقسیم

جمعرات 7 جنوری 2016 22:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جنوری۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام غربت مکاؤ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ضلع فیصل آباد کی مستحق دیہی بیوہ خواتین میں مختلف اقسام کے 551 مویشی تقسیم کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں تحصیل چک جھمرہ اور فیصل آباد صدر سے تعلق رکھنے والی بیوہ مستحق دیہی خواتین میں 193جھوٹیاں اور ویہڑیاں تقسیم کی گئیں اس مقصد کے لئے ایک تقریب کریسنٹ سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس میں ای ڈی او فنانس چوہدری عبدالغفور مہمان خصوصی تھے جبکہ ڈائریکٹر لائیو سٹاک پنجاب غلام محمد گل ‘ای ڈی او زراعت چوہدری عبدالحمید ‘ ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل اور محکمہ کے دیگر افسران موجود تھے ۔

تقریب کے دوران فی کس ایک جھوٹی یا ویہڑی تحصیل چک جھمرہ کی 37 اور تحصیل صدر فیصل آباد کی 156 مستحق بیوہ خواتین کے حوالے کی گئیں جو ان جانوروں کی پرورش کرکے ان میں اضافہ اور خاندان کی معاشی ضروریات پوری کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ای ڈی او فنانس چوہدری عبدالغفور نے غریب خواتین میں مویشیوں کی تقسیم کو حکومت پنجاب کا بہتر ین فلاحی منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ لائیو سٹاک کو دیہی معیشت میں اہم مقام حاصل ہے جو کہ قیمتی سرمایہ اور دیہاتی عوام کا ذریعہ معاش ہے اور معاشی ضروریات میں سہارا فراہم کرتا ہے لہذا بیوہ خواتین حکومت کے اس مفید قدم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔

ای ڈی او زراعت نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت قبل ازیں تحصیل تاندلیانوالہ اور سمندری کی مستحق بیوہ خواتین میں 302 بکریاں تقسیم کی جا چکی ہیں جبکہ تحصیل جڑانوالہ میں 156 بڑے جانور آئندہ چند روز میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر صالحہ گل نے بتایا کہ ضلع میں مستحق دیہی بیوہ خواتین سے درخواسیں طلب کرکے ان کی شفاف انداز میں جانچ پڑتال اور گاؤں کے نمبردار ‘ ہیڈ ماسٹر ‘امام مسجد اور دیگر ذرائع سے تصدیق کی گئی تاکہ میرٹ کی بنیاد پر استحقاق کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے لئے ایسی غریب بیوہ خواتین اہل ہیں جنکا کم از کم ایک بچہ مقامی سکول میں زیر تعلیم ہے ۔

متعلقہ عنوان :