سانحہ ماڈل ٹاؤ ن کیس کی کاروائی جاری رکھنے کے خلاف دائردرخواستوں پرفیصلہ محفوظ

جمعرات 7 جنوری 2016 21:18

لاہور۔7 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء) لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤ ن مقدمے میں عدالتی کاروائی جاری رکھے جانے کے خلاف دائر دو مختلف درخواستوں پر فریقین کے وکلاء سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پہلی ایف آئی آر میں نامزدملزم ڈاکٹر طاہرالقادری، خرم نواز گنڈا پور اور رحیق عباسی سمیت بیالیس دیگر ملزمان پر فرد جرم قوانین کے برعکس عائد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایک ہی مقدمہ میں دو ایف آئی آر درج کر رکھی ہیں جبکہ قوانین کے تحت ایک ہی الزام کے تحت ملزمان کا دو مختلف عدالتوں میں ٹرائل نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔