وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت بذریعہ قرعہ اندازی لیزر لینڈ لیولرز کی تقسیم

ضلع میں بذریعہ قراندازی 35کاشتکاروں کو لیزر یونٹ دیئے گئے ‘پنجاب حکومت رعایتی نرخوں پر سپیشل سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ‘ای ڈی او زراعت عبدالمقیت خاں، ڈی او واٹر مینجمنٹ تجمل حسین اور دیگر کا تقریب سے خطاب

جمعرات 7 جنوری 2016 20:34

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر مشینی کاشت کے فروغ کیلئے زرعی آلات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت محکمہ زراعت اور واٹر مینجمنٹ قصور کے زیر اہتمام گزشتہ روز ضلع کونسل ہال میں کاشتکار وں میں لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت عبدالمقیت خاں ،ڈسٹرکٹ آفیسر واٹر مینجمنٹ تجمل حسین ، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے حناء رحمن ، ڈی او فنانس فیصل امین ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل واٹر مینجمنٹ لاہور عامر شہزاد ، محکمہ کے دیگر افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ضلع بھر میں کاشتکاروں کی طرف سے دی گئیں 492درخواستوں کی قرعہ اندازی ہوئی اور پنجاب حکومت کے تحصیل وائز رقبہ کے حساب سے مقرر کردہ کوٹہ کے تحت تحصیل قصور میں 12‘تحصیل کوٹ رادھا کشن میں 4‘تحصیل چونیاں میں 11اور تحصیل پتوکی میں 8جبکہ ضلع بھر میں مجموعی طور پر 35کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی لیزر یونٹس دیئے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پانی کا زراعت میں مقام بہت اہمیت کا حامل ہے اگر پانی نہ ہوتا تو زراعت کا پہیہ کبھی بھی گردش نہ کرتا ۔

پانی کی بڑھتی ہوئی کمی اور اسکے بے دریغ استعمال اور فی ایکٹر پیدوار بڑھانے کو مد نظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے بہتر نظام آبپاشی کی کاشتکاروں میں ترویج و ترقی کیلئے ایک جامع پروگرام کا آغاز کر رکھا ہے ۔اس پروگرام کے تحت پنجاب حکومت کاشتکاروں کو کھالہ جات کی اصلاح ، لیزر لینڈ لیولنگ یونٹ کی فراہمی اور ڈرپ اورسپرنکلر نظام آبپاشی کی تنصیب کیلئے مالی مدد فراہم کر رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان بھائیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان مسائل کے حل کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے اسی سلسلے میں زمین سے زیادہ پیدوار حاصل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے رعایتی نرخوں پر جسے 2لاکھ 25ہزار روپے سے بڑھا کر اب 4لاکھ 50ہزار روپے فی یونٹ سبسڈی کے ذریعے جدید آلات دے رہی ہے ۔ان آلات کے استعمال سے کاشتکار کم محنت سے زیادہ پیدوار حاصل کر سکتے ہیں ۔ حکومت کی اس کاوش سے پنجاب بھر میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گاجس میں ہر کاشتکارکو اس کا حق بآسانی ملے گا۔ موجودہ حالات میں جس طرح پانی کے ذخائر کم ہو رہے ہیں اس وقت یہ ٹیکنالوجی ہماری ضرورت بن گئی ہے اور ہم جدید آلات کے استعمال سے بہتر اور زیادہ فصلیں کاشت کر سکیں گے ۔

متعلقہ عنوان :