نوجوانوں کی قوت کے ذریعے ہی تبدیلی آتی ہے، محمد اسلام

جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ذریعے نوجوانوں کی اصلاح اور تربیت کی جائیگی، رہنماء جماعت اسلامی سندھ

بدھ 6 جنوری 2016 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) نوجوانوں کی قوت کے ذریعے ہی تبدیلی آتی ہے۔ جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ذریعے نوجوانوں کی اصلاح اور تربیت کی جائے گی۔ حکمرانوں نے نوجوانوں کا استحصال کیا ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کی صلاحیتیں تعمیری کاموں میں استعمال کرے گی۔ یہ امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم محمد اسلام نے امیر زون لانڈھی شرقی محمد نواز خان کی مشاورت کے بعد یوتھ ونگ لانڈھی شرقی زون کے صدر کیلئے حافظ عبد الطیف عباسی کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر امیر زون لانڈھی شرقی محمد نواز خان، سیکریٹری مسعود اختر ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ محمد اسلام نے کہا کہ لانڈھی شرقی زون میں نوجوانوں کی بہت بڑی قوت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قوت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے اور نوجوانوں کی صلاحیتیں تعمیری کاموں میں استعمال کی جائیں۔

(جاری ہے)

محمد اسلام نے کہا کہ عوام بجلی، پانی، گیس جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔

دہشت گردی اور بدامنی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو متاثر کیا ہے۔ جماعت اسلامی خالصتاً اﷲ کی رضا اور بندگان خدا کی خدمت سرانجام دے رہی ہے اور جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے قیام کا مقصد ہی یہی ہے کہ ہم نوجوانوں کو دین سے جوڑیں اور ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ کیلئے عملی جدوجہد کی جائے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی یوتھ ونگ لانڈھی شرقی زون کے نومنتخب صدر حافظ عبد الطیف عباسی کی استقامت کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :