دہشت گردی و ہائی پروفائل کیسز میں ضمانت پر رہا ملزمان کی ضمانت منسوخ کئے جانے بارے سندھ پولیس کا عدالتوں میں جائزہ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 جنوری 2016 22:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) ترجمان سندھ پولیس نے دفتر سے جاری ایک اعلامئیے میں کہا ہے کہ دہشت گردی دیگر سنگین جرائم سمیت ہائی پروفائل کیسسز میں ملوث گرفتار اور بعد اذاں ضمانتوں پر رہائی پانیوالے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کیئے جانیکے کے حوالے سے محکمہ پولیس سندھ نے اپیل دائر کرنیکا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی ذیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ہونیوالے ایک اجلاس میں کیا گیا ، اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر ، زونل ڈی آئی جیز اور اے آئی جی آپریشنز سندھ نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے مختلف عدالتوں میں ذیر سماعت مقدمات سمیت سزاوُں کے شرح تناسب کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ تفتیش کے عمل میں اصلاحات لاتے ہوئے انویسٹی گیشن کے جملہ امور و پہلووُں کو ماڈرن خطوط / تیکنیکس کے مطابق یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ نے اس موقع پر پولیسنگ پلان 2016 کے حوالے سے مختلف سفارشات / تجاویز کی تفصیلات کا احاطہ کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ سال 2016 کے لئے تمام تر موازنوں ، اقدامات ، حکمت عملی اور لائحہ عمل کو پیش نظر رکھ کر جامع پولیسنگ پلان کی ترتیب کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے پولیس افسران کو احکامات دیئے کہ اسٹریٹ کرائمز ، ڈکیتی / رابریز کے خلاف غیر معمولی اور راست اقداما ت پر مشتمل ہفتہ وار رپورٹ بھی باقاعدگی سے دفتر ہٰذا ارسال کی جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے فرقہ واریئت ،تشدد / قتل جیسے جرائم کے خلاف علیحدہ سے پولیس اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات دیں کہ تمام مکاتب فکر کے قائدین پر مشتمل امن کمیٹیاں فعال کی جائیں اور مذہبی قیادتوں سے اس ضمن میں باقاعدہ اجلاس ترتیب دیئے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ایشو سے بروقت نمٹا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :