یتیم اور غریب بچوں کی تعلیم اور کفالت کی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے

منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 جنوری 2016 22:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء ) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ یتیم اور غریب بچوں کی تعلیم اور کفالت کی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔وہ پشاور میں یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت کے لیے قائم کردہ پاکستان سویٹ ہوم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

پشاور میں منعقدہ اس پر وقارتقریب میں معروف سیاسی و سماجی شخصیات کے ہمراہ تاجر برادری سمیت سویٹ ہوم کے بچوں اور ان کے لواحقین کی کثیر تعداد موجود تھی جس میں ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے پاکستان سویٹ ہوم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز کی صورت میں معصوم بچوں کو استحصال، مایوسی اور جہالت کے اندھیروں سے نکال کر انہیں تعلیم اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے ہم نے اپنے ملک کو پر امن اور خوشحال بنانے کی بنیاد رکھ دی ہے، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سمیت معاشرے کاہر فرد اس اہم قومی اور مذہبی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے ہمارے ساتھ میدان عمل میں آسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال اپنے فلاحی منصوبوں کی بدولت شمالی علاقہ جات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے غریب عوام کو سماجی تحفظ فراہم کیے ہوئے ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان بیت المال میں بطور منیجنگ ڈائریکٹر اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعدبہت سے نئے سویٹ ہومز قائم کرنے کے ساتھ پہلے سے قائم کردہ مراکز کو مزید بہتر بنانے کا عمل مرحلہ وار جاری ہے تاکہ یہاں فراہم کردہ سہولیات کا موازنہ کسی بھی عالمی معیار کے ادارے سے کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی سوچ پر عمل کرتے ہوئے پاکستان بیت المال غریب عوام کی خدمت کے دائرہ کار کو دائرہ کار کو ملک کے ہر کونے تک پھیلا رہا ہے۔صحت، بحالی، خود انحصاری اور تعلیم کے میدان میں پاکستان بیت المال اپنے موثر اقدامات کی بدولت نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ اس وقت پاکستان بیت المال کے زیر انتظام 33 سویٹ ہومز میں 3500سے زائد بچے رہائش پذیر ہیں جنہیں مفت رہائش، لباس ، خوراک سمیت تمام تر ضروریات زندگی بالکل مفت دستیاب ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر علاقے کے بہترین سکولوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ غیرنصابی اور تفریحی سرگرمیوں میں بھی ان بچوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ یہ پاکستان سویٹ ہومز میں فراہم کردہ بہترین سہولیات اور آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ہی کا نتیجہ ہے کہ یہاں رہائش پذیر بچوں کی صلاحیتوں اور اعتماد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور اب وہ اپنے آپ کو پہلے سے زیادہ محفوظ اورپر سکون محسوس کرتے ہیں۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے اس موقع پر اعلان کیا کہ عنقریب پاکستان سویٹ ہومز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :