قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی حکومتی یقین دہانیاں کی وزارت پانی و بجلی حکام اور لیسکو افسران کو واپڈا ملازمین کو بجلی کے مفت یونٹس دینے بارے وزیرمملکت کے بیان پر بریفنگ دینے کی ہدایت ، لیسکو افسران کی موجودہ بریفنگ غیر تسلی بخش قرار

بدھ 6 جنوری 2016 22:25

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں نے وزارت پانی و بجلی اور لیسکو کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وزیر مملکت کے قومی اسمبلی میں واپڈا کے ملازمین کو بجلی کی مفت یونٹس دینے کی سہولت کو واپس لینے کے بیان اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے اگلے اجلاس میں ایک جامع بریفنگ دی جائے ۔

کمیٹی نے لیسکو افسران کی موجو د بریفنگ کو غیر تسلی بخش قرار دیا ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کا اجلاس کمیٹی چیئرمین محمد افضل کھوکھر کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی واپڈا ملازمین کو بجلی کی مفت یونٹس دینے کی سہولت واپس لینے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں بیان کے حوالے سے غور کیا۔

(جاری ہے)

لیسکو کے سی ای او نے لیسکو کے ملازمین کو دی جانے والی بجلی کی سہولیات پر کمیٹی کو بریفنگ دی ۔ کمیٹی نے حکومت اور وزارت پانی و بجلی کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور لیسکو کے افسران کو ہدیت کی اس معاملہ پر مکمل اور جامع بریفنگ دی جائے ۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ لیسکو پرانے ٹرانسفارمرز کو ٹھیک کرے کمیٹی نے ہدایت دیں کہ اگلے اجلاس میں اسی ایجنڈا پر دوبارہ بریفنگ دی جائے ۔