بھارت دوسرے ملکوں میں دخل اندازی کے بجائے اپنے ملک میں ہونے والے مظالم کو بند کرے ،مشرقی پنجاب، کشمیر، مغربی بنگال ، گجرات اور بہار میں ہونے والی علیحدگی پسند تحریکوں پر توجہ دی جائے،پاکستان 15سال سے دہشت گردوں سے نبروآزما ہے اور اکیلا دنیا بھر کے شرپسند عناصر سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی فقیر شیر محمد بالالانی، میر عامر علی خان مگسی اور نذیر احمد بگھیو کا بیان

بدھ 6 جنوری 2016 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی فقیر شیر محمد بالالانی، میر عامر علی خان مگسی اور نذیر احمد بگھیونے بھارت کے فضائی اڈے پٹھان کوٹ پر حملہ کی شدید مذمت کی ہے اور اس دہشت گردی کا الزام انڈین میڈیا نے پاکستان پر بغیر سوچھے سمجھے اور بغیر کسی تحقیق کے لگا کر اپنی نا اہلی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے ،انڈین میڈیا کو چاہئے کہ وہ اپنے وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ پاکستان کو سبوتاژنہ کرے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے میں مدد کرے تاکہ دونوں ملکوں کے کروڑوں عوام امن وسکون سے رہ سکیں۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ انڈیا دوسرے ملکوں میں دخل اندازی کے بجائے اپنے ملک میں ہونے والے مظالم کو بند کرے مشرقی پنجاب، کشمیر، مغربی بنگال ، گجرات اور بہار میں ہونے والی علیحدگی پسند تحریکوں پر توجہ دے نہ کہ افغانستان اور پاکستان میں اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کیلئے تخریب کاریاں کروائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے مودی سرکاری کو یقین دہانی کروائی تھی کہ پاکستان کسی قسم کی دہشت گردی کی حمایت نہیں کرے گا بلکہ خطے کے امن کے خاطر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے پاکستان دنیا کے کسی بھی خطے میں دہشت گردی کی نہ صرف مذمت کرتا ہے، بلکہ دہشت گردوں کی سرکوبی کیلئے عظیم قربانیاں بھی دے رہا ہے۔

عالمی دنیا اس بات کی گواہ ہے کہ پاکستان 15سال سے دہشت گردوں سے نبروآزما ہے اور اکیلا دنیا بھر کے شرپسند عناصر سے جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔