دہشتگرد تنظیموں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، پائیدار امن اور سلامتی کے مقصد کے حصول کیلئے متعلقہ ادارے اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز رکھیں

کانفرنس کے شرکاء کو موجودہ اور درپیش خطرات ، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ کو توڑنے کیلئے جاری کارروائیوں بارے تفصیلی بریفنگ

بدھ 6 جنوری 2016 21:57

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء )چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پائیدار امن اور سلامتی کے مقصد کے حصول کیلئے متعلقہ ادارے اپنی کوششوں پر توجہ مرکوز رکھیں، دہشتگرد تنظیموں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔

وہ بدھ کو یہاں جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرزمیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کورکمانڈرکانفرنس منعقد ہوئی جس میں پیشہ وارنہ دلچسپی کے امور کے علاوہ کانفرنس کے شرکاء نے ملک کی اندرونی و بیرونی داخلی کی سلامتی کی صورتحال ابھرتے ہوئے جیو سٹریٹجک حالات اوران کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء کو موجودہ اور درپیش خطرات اور ملک میں دہشت گردوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے گٹھ جوڑ کو توڑنے کے حوالے سے جاری سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کارروائیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔س دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردون کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہارکیا ۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز میں شریک اور اپنی قربانی دینے والے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ، اور ان کی کامیابیوں کی تعریف کی ۔ ملک بھرمیں دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے جاری سکیورٹی اور انٹیلی جنس آپریشنز میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشتگرد تنظیموں کے خلاف عدم برداشت کے عز کا اعادہ کیا اور تمام متعلقہ ایجنسیوں اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس وقت تک اپنی توجہ اور کوشش جاری رکھیں جب تک ہم مک میں پائیدار سلامتی اور امن کے قیام کے مقصد میں کامیاب نہیں ہوجاتے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائیگی اور پائیدار امن اور سلامتی کیلئے متعلقہ اداروں کو کوششوں پر توجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔