اسلام آباد ٹیم کی قومی جونیئر سنوکر چمپئن شپ میں شرکت کیلئے لاہور روانگی

پہلی بار ہونے والے قومی ایونٹ میں شرکت سے ہمارے جونیئر کھلاڑیوں کو ایکسپوثر ملے گا، ڈاکٹر شہزاد وسیم

بدھ 6 جنوری 2016 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) اسلام آباد بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (IBSA)کی آٹھ رکنی جونئیر انڈر17-سنوکر ٹیم پہلی جوبلی انشورنس قومی جونیئر انڈر17-سنوکر چیمپیئن شپ میں شرکت کیلئے لاہور روانہ ہو گئی۔ منتخب ٹیم کے ہمراہ سنوکر پاکستان سنوکر کوچنگ اکیڈیمی کے انچارج ارشد قریشی بحیثیت ٹیم منیجر لاہور روانہ ہوئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں میں ولیم لفارج، موسیٰ نقوی، عزیر خان، عبداﷲ شفیق، سید عون عباس، سید محمد عباس ،محمد معز اورسید تاجدار گیلانی شامل ہیں۔

چیمپیئنز سنوکر اکیڈیمی لاہور میں ہونے والی قومی جونیئر انڈر17- سنوکر چیمپیئن شپ میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور اسلام آباد سے منتخب کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چیمپیئن شپ میں شامل کھلاڑیوں کوآٹھ مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے دو دو کھلاڑی پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گے۔کوارٹر فائنل اورسیمی فائنل10جنوری کو اور فائنل11جنوری کو کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (IBSA) کے صدر ڈاکٹر وسیم شہزاد ، سینئر نائب صدر سلیم اختر رانا اور سیکرٹری جنرل محمد فہیم انور نے اسلام آباد سنوکر ٹیم کے کھلاڑیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی سنوکر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے والی انڈر17-سنوکرچیمپیئن شپ میں اسلام آباد کے آٹھ کھلاڑیوں کی شرکت خوش آئند ہے ،قومی مقابلوں میں شرکت سے ہمارے جونیئر کھلاڑیوں کو ایکسپوثر ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے کھلاڑی چیمپیئن شپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد ٹیم نے روانگی سے قبل ایک ہفتے کے ٹریننگ کیمپ میں قومی کھلاڑیوں بابر بھٹی(بابری) اور عبدالرحیم کی زیر نگرانی ٹریننگ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :