سپیکٹرم نیلامی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی

نیلامی کو انتہائی شفاف اور پروفیشنل انداز میں منعقد کروانے کا عزم رکھتے ہیں،انوشہ رحمان

بدھ 6 جنوری 2016 20:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء)حکومت نے تقریباَ دو سال پہلے جدید سپیکٹرم 3G/4G کی کامیاب نیلامی کروائی۔ جس کے نتیجے میں ٹیلی کام سیکٹر اور صنعت میں بے پناہ ترقی دیکھنے میں آئی ۔ ٹیلی کام صارفین کی تعدادمیں ناقابل یقین حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اسی نئے سپیکٹرم کی بدولت براڈبینڈ کی شرح 3فیصد سے بڑھ کر پندرہ فیصد تک چلی گئی ۔

اسی مثبت رحجان کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے 2014 ء کی نیلامی میں بقایا بچ جانے والے سپیکٹرم کی دوبارہ نیلامی پر غور و خوض شروع کردیا ہے اس ضمن میں وزیراعظم پاکستان نے ایک مشاورتی کمیٹی برائے سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دی ہے۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن اس کمیٹی کی سربراہ مقرر کی گئی ہیں جبکہ وزیراعظم کے خصوصی معاونین برائے قانون و انسانی حقوق ، سیکریٹری خزانہ و سیکریٹری قانون ، چیئرمین پی ٹی اے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریکیونسی ایلوکیشن بورڈ (ED-FAB)اور ممبر ٹیلی کام اس کمیٹی کے ممبران مقرر کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ممبر ٹیلی کام " کمیٹی سیکریٹری " کے فرائض بھی سرانجام دیں گے۔ اس مشاورتی کمیٹی برائے سپیکٹرم نیلامی کا افتتاحی اجلاس وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن نے کہا کہ ہم 2014 ء کی طرح اس بار بھی " سپیکٹرم نیلامی " کو انتہائی شفاف اور پروفیشنل انداز میں منعقد کروانے کا عزم رکھتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی اے سید اسماعیل شاہ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پی ٹی اے نے اس سلسلہ میں کنسلٹینٹس کی خدمات مستعار لی ہیں جو کہ مارکیٹ کا جائزہ (Market assessment ) لے رہے ہیں ۔ انکی طرف سے حتمی رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کردی جائیگی توقع ہے کہ یہ رپورٹ جنوری 2016ء کے آخر تک مکمل کر لی جائیگی۔یہ مشاورتی کمیٹی پی ٹی اے کی طرف سے پیش کی جانے والی مارکیٹ جائزہ رپورٹ کا تفصیلی معائنہ کریگی اور اسکی بنیاد پر نیلامی کے طریقۂ کار اور حکمت عملی پر مشتمل پالیسی ڈائریکٹو کا اجراء عمل میں لائے گی۔

مسز انوشہ رحمن نے کہا کہ یہ نیلامی پاکستان میں ٹیلی کام کمپنیوں کے لیے ایک نادر موقع ہے کہ وہ ملک میں صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف اپنے سپیکٹرم کی صلاحیت میں اضافہ کر سکتی ہیں بلکہ اپنے صارفین کو بہترین براڈ بینڈ کی سہولیات بھی مہیا کر سکتی ہیں۔