وفاقی وزیر احسن اقبال کاطریقہ واردات بری طرح ناکام ہوا ہے،مشتاق احمدغنی

پاک چائینہ اقتصادی راہداری کوئی راکٹ سائنس نہیں کہ ہمیں سمجھ نہ آئے، احسن اقبال آہستہ آہستہ والا کام پنجاب میں کام کریں، خیبرپختونخوا میں فوری کام کاآغا ز کریں، معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنس

بدھ 6 جنوری 2016 20:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق غنی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال کاطریقہ واردات بری طرح ناکام ہوا ہے، پاک چائینہ اقتصادی راہداری کوئی راکٹ سائنس نہیں کہ ہمیں سمجھ نہ آئے۔پشاورپریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں مشتاق غنی کاکہنا تھا کہ احسن اقبال آہستہ آہستہ والا کام پنجاب میں کام کریں، خیبرپختونخوا میں فوری کام کاآغا ز کریں، کیونکہ ہمیں بار بار کہاجارہاہے کہ پندرہ سالہ منصوبہ ہے ، انکاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو اقتصادی دور میں پیچھے رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، احسن اقبال نے سارا دن ہمیں بھول بھلیوں میں الجھائے رکھا، احسن اقبال بتائیں کہ پندرہ سالہ منصوبے میں ہماری بھاری کب آئیے گی، مشتاق غنی کاکہنا تھا کہ وفاق: مغربی روٹ کی تفصیلات جاری کیوں نہیں کرتے، راہداری منصوبے کے ساتھ بجلی ،ایل این جی ،اورفائرآبٹیک بھی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

انکاکہنا تھا کہ پاک چائینہ اقتصادی منصوبے پر ہمارے تحفظات دور نہیں ہوئے، احسن اقبال نے صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیا ،ہم اس منصوبے کوسیاسی اورمتنازعہ نہیں بنانا چاہتے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اپنے صوبے کے حق مانگ رہے ہیں۔ہمیں صرف سڑک نہیں چاہیئے،سڑکیں توہم خود بھی بناسکتے ہیں ،منصوبے کے ویسٹرن روٹ پر ہمارے تحفظات ہیں انہیں دورکیاجائے۔