چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر سینیٹ کے سیشن کے اختتام پر پورے اجلاس کا خلاصہ جاری کرنے کا فیصلہ

بدھ 6 جنوری 2016 17:58

اسلام آباد ۔ 6 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 جنوری۔2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی خصوصی ہدایات پر سینیٹ کے سیشن کے اختتام پر پورے اجلاس کا خلاصہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں باقاعدہ طور پر حال ہی میں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے والے 122 ویں سیشن کا خلاصہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ پورے اجلاس کی کارروائی کا خلاصہ عوام کے سامنے رکھا جا سکے۔

اس خلاصہ میں سینیٹ کے اجلاس کی کارروائی، قانون سازی کے امور، اراکین کی شرکت کے حوالے سے تفصیلات، ایوان میں زیر بحث لائے گئے امور، عوامی اہمیت کے مسائل اور ان کے حل کیلئے دی گئیں ہدایات اور دیگر امور شامل ہوں گے۔ سینیٹ کا گزشتہ 122 واں سیشن 15 روز جاری رہا۔ اس دوران 3 دن نجی کارروائی کے لئے مختص تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں زیادہ سے زیادہ 73 اور کم سے کم 51 ارکان نے شرکت کی۔

اس طرح ارکان کی حاضری 61 فیصد تک رہی۔ اجلاس 42 گھنٹے 45 منٹ جاری رہا۔ سینیٹ سیکریٹریٹ کے مطابق صدر مملکت کے خطاب پر بحث بھی گزشتہ سیشن میں مکمل کی گئی جس میں 11 ارکان نے حصہ لیا۔ اجلاس میں 4 بل منظور کئے گئے جبکہ 2 بل کمیٹیوں کو بھجوائے گئے۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی سے بھجوائے گئے 8 بل بھی کمیٹیوں کو بھجوائے گئے۔ چار آرڈیننس بھی سینیٹ میں پیش کئے گئے۔

سینیٹ نے پی آئی اے کے حوالے سے آرڈیننس مسترد کر دیا۔ 3 وفاقی وزراء اہم قومی امور پر ایوان بالا کو بریف کیا۔ 30 کمیٹیوں کی رپورٹیں ایوان میں پیش کی گئیں۔ ایوان بالا نے کمیٹی آف دی ہول کے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ کو حتمی شکل دے کر منظور کیا۔ ارکان کی طرف سے 40 قراردادیں پیش کی گئیں جن میں سے 30 کو قبول کیا گیا۔ 8 کی اجازت نہیں دی گئی، 14 کی ایوان بالا نے منظوری دے دی، 4 کو ڈراپ اور 14 کو منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں 11 تحاریک التواء پر بحث کی گئی۔

متعلقہ عنوان :