پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے‘ نجم احمد شاہ

بدھ 6 جنوری 2016 16:07

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی امراض قلب کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کررہاہے، اس ہسپتال کوسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنانے کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں گے،دیگر شہروں میں قائم کارڈیک سینٹرز کو بھی مزید فعال اورمتحرک کیا جائے گا تاکہ پی آئی سی میں مریضوں کے رش کو کم کیا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے معاملات بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوPICپروفیسر ڈاکٹر ندیم حیات ملک، ایڈیشنل سیکرٹری(اسٹیبلشمنٹ) اعجاز الحق، ایڈیشنل سیکرٹری( ٹیکنیکل) ڈاکٹر سلمان شاہد، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پی آئی سی ڈاکٹر سہیل ثقلین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ندیم حیات ملک نے سیکرٹری ہیلتھ کو بتایا کہ فرینڈز آف پی آئی سی کے تعاون سے نیا ایمر جنسی بلاک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جس پر 35کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور مارچ2016میں اس بلاک کے فنکشنل ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی آئی سی کے آؤٹ ڈور میں روزانہ پورے صوبے سے آنے والے تقریباً3ہزار مریضوں کو ایک ماہ کی ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں جس کے لیے تمام سسٹم کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی سی کے تمام مریضوں کا ڈیٹا بیس تیار کیا گیاہے اور پورا سسٹم آئی ٹی بیسڈ بنایا گیاہے۔ پروفیسر ندیم حیات ملک نے مزیدکہاکہ پی آئی سی امراض قلب کاسپیشلائزڈ ہسپتال ہے جہاں پورے صوبے کے علاوہ دیگر صوبوں سے بھی مریض علاج کے لیے آتے ہیں جس کی وجہ سے ورک لوڈ بہت زیادہ ہے تاہم بہتر انتظامی اقدامات اور ٹیم ورک کے نتیجہ میں پی آئی سی کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور میں نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی کی کارکردگی میں مزید اضافہ کے لیے حکومت سپورٹ فراہم کرے گی اور نرسز کی خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے پی پی ایس سی سے منتخب ہو کر آنے والی 12سو نرسز میں سے ضرورت کے مطابق نرسز کو پی آئی سی میں بھی تعینات کیا جائے گا۔

نجم احمد شاہ نے کہا کہ پی آئی سی میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم اور آئی ٹی کا شعبہ کافی بہتر کام کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصرف پی آئی سی کے آئی ٹی سسٹم کو مزید ترقی دی جائے گی بلکہ دیگر ہسپتالوں میں آئی ٹی سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے ہسپتالوں کے متعلقہ سٹاف کی تربیت میں پی آئی سی تعاون فراہم کرسکتاہے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے بھی مدد لی جائے گی۔

نجم احمد شاہ نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ورک لوڈ کم کرنے کے لیے دیگر بڑے شہروں میں قائم امراض قلب کے سینٹرز اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس کو مزید فعال اور متحرک کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو ادویات کے حصول اور علاج کے لیے دوردراز کے علاقوں لا ہور نہ آنا پڑے اور پی آئی سی میں مریضوں کا رش بھی کم کیا جاسکے۔ سیکرٹری ہیلتھ نے مزید کہا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی بروقت فراہمی اور ان کی تسلی پہلی ترجیح ہے جس کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :