ایران ، سعودی عرب کے تنازعہ پر حکومت کا کردار نظر نہیں آ رہا،چودھری پرویز الٰہی

بدھ 6 جنوری 2016 14:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے راہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایران ، سعودی عرب کے تنازعہ پر حکومت کا کردار نظر نہیں آ رہا اور اس کو سنجیدہ نہیں لے رہی ہے ۔ پنجاب میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال بہت زیادہ خراب ہے جو حکومت کو نظر نہیں آ رہی ۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مسئلہ پر حکومت کا کوئی کردار نظر آ رہا ہے اور نہ ہی وہ اس کو سنجیدہ لے رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب معاملے پر حکومت کی کوئی واضح پالیسی اور موقف نظر نہیں آیا جبکہ پاکستان اس پوزیشن میں ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کردار ادا کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹھانکوٹ کے واقعہ میں اپنے لوگ ملوث ہیں جبکہ بھارتی حکومت اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لئے ماضی میں الزامات پاکستان پر لگاتے تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورت حال بہت خراب ہے اور وفاقی حکومت کو صرف سندھ مإں خرابی نظر آ رہی ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے لوگ پنجاب سے پکڑے گئے ہیں سندھ سے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نیشنل ایکشن پلان پر مکمل ایکشن نہیں کر رہی ہے ۔