ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری نے عوام کی مشکلات دوچند کر دیں کئی مقامات پر رابطہ سٹرکیں بند

بدھ 6 جنوری 2016 12:17

اسلام آباد/پارا چنار/ژوب/ کالام / سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی برفباری نے موسم انتہائی سرد کردیا،کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں بدستور بند ہیں، اسکردو میں برفباری کے دوران مسافر طیارے کی لینڈنگ سے لوگ حیران رہ گئے۔ملک کے دیگر حصوں میں بھی سردی برقرار ہے،ملک کے بالائی علاقوں میں موسم شدید سرد ہے،گلگت بلتستان کے ضلع غذراور استور میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،سخت سرد موسم میں مقامی افراد گھروں کی چھتوں اور راستوں سے برف ہٹا رہے ہیں۔

اسکردو میں 2 روز سے برفباری ہورہی ہے، اسکردو میں برف باری کے دوران مسافر طیارے کی لینڈنگ سے لوگ حیران رہ گئے جب جہاز نے اسلام آباد سے اسکردو کیلئے اڑان بھری تو اسکردو میں برفباری ہورہی تھی تاہم طیارے کی لینڈنگ سے کچھ لمحے پہلے برفباری رکی اور ہلکی دھوپ کے باعث حد نظر بھی بہترہوگئی ، جس کے بعد سول ایشن کے عملے نے 14000 فٹ طویل رن وے سے انتہائی مختصر وقت میں برف ہٹا دی ، جس کے باعث جہاز کی لینڈنگ اسکردو ائیرپورٹ پر ممکن ہوسکی۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا،بلوچستان کے شہر بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے،سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات دھند رہتی ہے۔ بدھ کو سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار منفی 10 کالام منفی 4 اور استور منفی2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :