سعودی عرب اور ایران کی چپلقش انتہائی سنگین معاملہ ہے،صاحبزادہ حامد رضا

دو برادر اسلامی ممالک مفاہمت کیلئے پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے ، او آئی سی اور عرب لیگ مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے، وفود سے گفتگو

منگل 5 جنوری 2016 22:25

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کی چپلقش انتہائی سنگین معاملہ ہے۔دو برادر اسلامی ممالک مفاہمت کیلئے پاکستان ثالثی کا کردار ادا کرے ، او آئی سی اور عرب لیگ مسلمانوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے ،آپریشن ضرب عضب دہشتگردوں کیلئے ضرب غضب ثابت ہوا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا چیئرمین دینی و دنیاوی امور کا ماہر شخص ہوناچاہئے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے فیصل آباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم ٹیکس وصول کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے۔ ملکی معیشت بیرونی قرضوں میں پھنسی ہو ئی ہے اوربیرونی قرضوں کا کوہ ہمالیہ اونچا ہو تا جارہاہے۔

(جاری ہے)

ایمنسٹی سکیم معاشی اخلاقیات کے منافی ہے۔ ٹیکس وصولی میں ایف بی آر خود بڑی رکاوٹ ہے۔بھارتی ائیر بیس پر حملہ را کا ڈرامہ ہے۔ کالا دھن کو سفید کرنے کی حکومتی سکیم مسترد کرتے ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے اختیارات کی بحالی کیلئے تحریک چلائی جائے گی ، صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ لاہور میں اجتماعی زیادتی کا شکار ہو نیوالی مظلوم لڑکی کو انصاف ملنا چاہیئے اور واقعہ میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔

سپہ سالار کا دہشتگردی اور کرپشن کے گٹھ جوڑ توڑنے کا عزم قوم کیلئے خوش خبری ہے۔ پاک افغان سرحد پر غیر قانونی آمدورفت روکی جائے۔ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے فاٹاکو صوبہ کا درجہ دیا جائے۔ ایمنسٹی سکیم نیا معاشی این آر او ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ دعش کے خطرے سے آنکھیں بند کی گئیں تو آنیوالے وقت میں پچھتانا پڑے گا۔ جعلی جمہوریت سے غریب آدمی کو کچھ نہیں ملا۔ حقیقی جمہوریت آئے گی تو ملک ترقی کرے گا۔