ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ کا مختلف علاقوں کادورہ ،صفائی و ستھرائی ،تزین و آرائش و دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی معائنہ

منگل 5 جنوری 2016 19:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ نے کہا کہ صاف ستھرا سرسبز اور آلودگی سے پاک ماحول صحت مند زندگی اورشہر کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث ہے اس سلسلے میں صاف وصحت مند معاشرے کی فراہمی کیلئے تمام دستیابی وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر نادر خان اور سپرنٹینڈینگ انجینئر بلدیہ شرقی پریم چند کے ہمراہ بلدیہ شرقی کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے جاری ہفتہ وار صفائی مہم میں صفائی و ستھرائی اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے ضلع شر قی کے دونوں زونز گلشن اور جمشید ذونزمیں بالخصوص مزار قائدوی آئی پی گیٹ کے اطراف ،بلوچ کالونی پل کے نیچے ،ٹائم میڈیکوز، کوریڈور III، سچل گوٹھ اور اسٹیڈیم روڈ تک صفائی مہم کے سلسلے میں ہونے والے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اس سلسلے میں بلدیہ شرقی کے مختلف علاقوں میں کچراکنڈیوں کی صفائی ستھرائی، سینٹرل آئی لینڈ کی تزین و آرائش ، گرین بیلٹس کی صفائی ، شجرکاری ،وال چاکنگ کا خاتمہ، رنگ و روغن ، سڑکوں کی صفائی اور جھاڑیوں کی کٹائی سمیت مختلف مقامات سے کئی سوٹن کچرا اٹھالیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کا ایسا انتظام کریں کہ کچرا بروقت اٹھتا رہے۔مزید براں کچرااٹھانے کے ساتھ ساتھ جراثیم کش ادویات کا اسپرے اور چونے کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائیگا۔واضح رہے کہ بلدیہ شرقی میں صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے اس موقع پر عوام سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کچرا جگہ جگہ پھینکنے سے گریز کریں آپکے تعاون سے ہی بلدیاتی مسائل کا خاتمہ ممکن ہے۔

اس موقع پرسینئر ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ اقبال احمد، ڈائریکٹر پارکس رضا قائم خانی ،ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ جاوید کلہوڑ، ڈائریکٹر سالڈویسٹ اعجاز شیخ و دیگر افسران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :