ڈی سی او قصور کے زیر صدارت ضلع میں خستہ ہال سرکاری و پرائیویٹ بلڈنگز کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس

تمام متعلقہ افسران خستہ ہال بلڈنگز کا مکمل سروے کرکے کیٹیگری وائز رپورٹ جلد از جلد فراہم کریں ‘محمد شاہد

منگل 5 جنوری 2016 18:03

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء)ڈی سی او قصور محمد شاہد کے زیر صدارت ضلع میں خستہ ہال سرکاری و پرائیویٹ بلڈنگز کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر قصور ، وردہ مشہود شورش، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ناصر اقبال ، ای ڈی او ایجو کیشن ذوالفقار علی ، ٹی ایم او قصور رائے محمد منشاء ، ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ، ڈی او فاریسٹ ، ڈی او بلڈنگ ، ٹی ایم اوز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ضلع بھر کی خستہ ہال سرکاری و پرائیویٹ بلڈنگز کے حوالے سے غورو خوص کیا گیا اور ڈی سی او نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ایریاز میں خستہ ہال بلڈنگز کا مکمل سروے کریں اور انکی تصاویری ثبوت کیساتھ کیٹیگری وائز رپورٹ جلد از جلد فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے اس سلسلے میں تحصیل وائز کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جس کے تحت ای ڈی او ورکس اور متعلقہ اے سی تحصیل چونیاں میں ‘ایکسئین پبلک ہیلتھ ،اسسٹنٹ کمشنر قصور اور اسسٹنٹ انجینئرلوکل گورنمنٹ تحصیل قصور میں، ایکسئین پراونشل بلڈنگ اور متعلقہ اے سی تحصیل پتوکی میں اورایکسئین پراونشل ہائی وے اور متعلقہ اے سی تحصیل کوٹ رادھا کشن میں خستہ ہال بلڈنگز کا سروے کرکے رپورٹ دینگے اور اسکے بعد پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔