ٹی وی چینلز پر ناشائستہ اشتہارات روکنے کیلئے قانون کے مطابق پیمرا اپنا کردار ادا کر رہا ہے ‘ پرویزرشید

پاکستان کی اقدار سے مطابقت رکھنے والے پروگرام نشر کئے جائیں ‘ وزیر اطلاعات

منگل 5 جنوری 2016 13:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ٹی وی چینلز پر ناشائستہ اشتہارات روکنے کیلئے قانون کے مطابق پیمرا اپنا کردار ادا کر رہا ہے‘ ہماری کوشش ہے ‘ پاکستان کی اقدار سے مطابقت رکھنے والے پروگرام نشر کئے جائیں۔ منگل کو قومی اسمبلی میں محمد جمال الدین کے الیکٹرانک میڈیا پر ناشائستہ اشتہارات سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ٹی وی ہرگھر میں موجود ہوتا ہے‘ تمام فیملی مل کر یہ پر وگرام دیکھتی ہے اگر یہ ٹی وی پروگرام ہماری سماجی اقدار کے مطابق نہ ہوں تو پیمرا کو کارروائی کا اختیار ہے ‘ایسے اشتہارات کے حوالے سے پیمرا نے نوٹس بھی دیئے اور بعض ٹی وی چینلز پر جرمانے بھی کئے گئے ‘ہم اپنے طور پر پوری کوشش کرتے ہیں کہ ٹیلی ویژن پر چلنے والی ہر تصویر ہر پروگرام پاکستان کی سماجی اقدار سے مطابقت رکھنے والا ہو۔

(جاری ہے)

توجہ مبذول نوٹس پر محمد جمال الدین کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قوانین میں گنجائش کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ایک چینل پر قانون کے مطابق دس لاکھ تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔ ہم نے جلوہ اور آگ ٹی وی چینلز کو دس دس لاکھ روپے جرمانے کئے ‘ٹی وی چینلز عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرلیتے ہیں۔