آل پارٹیز کانفرنس ، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اقتصادی راہداری منصوبے کو تفصیلاً بیان کیا ،چائنہ کل سرمایہ کاری 46ارب ڈالرکر رہا ہے جس میں سے 38ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہونگے،احسن اقبال

منگل 5 جنوری 2016 00:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 4جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 2بار آل پارٹیز کانفرنس بلائی جس میں انہوں نے اقتصادی راہداری منصوبے کو تفصیلاً بیان کیا اسکے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کے مختلف اجلاسوں میں جا کر اس پر پریذینٹیشن دی، پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی بنا کر اسکو بھی اقتصادی راہدای منصوبے پر تفصیلاً آگاہ کیا، وہ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کا کوئی پہلو بھی خفیہ نہیں رکھا گیا بلکہ اسے پارٹیز کانفرنسوں میں قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اسکو تفصیلاً بتایا گیا، پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی میں پی ٹی آئی ارکان نے ہمارے ساتھ اتفاق کیا، چائنہ کی طرف سے کل سرمایہ کاری 46ارب ڈالر کی جا رہی ہے جس میں سے 38ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں پر خرچ ہونگے، انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں وفاق کا ایک روپیہ بھی شامل نہیں ہے، یہ منصوبہ پنجاب حکومت اپنے خزانے سے بنا رہی ہے، راہداری منصوبے کے مغربی روٹ میں تبدیلی کے الزامات بے بنیادہیں، احسن اقبال نے کہا کہ گوادر اور خنجراب کے درمیان زمینی راستوں کی تکمیل ترجیح ہے،قومی منصوبے کو متنازع نہ بنایا جائے کیونکہ اس سے پاکستان نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کے ایک ایک سوال کا جواب دینگے، اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبے سے متعلق کوئی اچھی تجویز ہے تو اس پر عمل کریں گے ۔