صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات ملک محمد آصف بھا اعوان اور وزیرزکوۃ و عشر ملک ندیم کامران کی زیر صدارت اجلاس

چڑیا گھر لاہور اور سفاری زو پارک میں جوڑے مکمل کرنے اور نئے جانور خریدنے کے لیے قائم کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی

پیر 4 جنوری 2016 23:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر جنگلات و جنگلی حیات ملک محمد آصف بھا اعوان اور وزیرزکوۃ و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ چڑیا گھر لاہور اور سفاری زو پارک میں جانوروں کے جوڑے مکمل کرنے اور نئے جانور خریدنے کے لیے قائم کردہ خریداری کمیٹی نے 11کروڑ 49لاکھ 50ہزار روپے کی تخمینہ جاتی لاگت رپورٹ پیش کردی ہے، تمام معاملات کا جائزہ لے کر حتمی منظوری کے لیے سمری وزیراعلیٰ کو بھیجی جائے گی۔

صوبائی وزراء نے یہ بات یہاں چڑیا گھر لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے چڑیا گھر کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری جنگلات کیپٹن (ر) جہانزیب خان ، کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف اینیمل سائنسز ، ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد ایاز خان، مینجنگ ڈائریکٹر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب احمر ملک ، چیف گیم وارڈن شاہ رخ بٹ ، ڈائریکٹر چڑیا گھر لاہور اور ڈپٹی ڈائریکٹر لاہور سفاری زو پارک کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء نے بتایا کہ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق جانوروں کے جوڑے مکمل کرنے کے لیے 21جانور ، پرندے و درندے خریدیں جائیں گے جس پر 6کروڑ 62لاکھ 50ہزار جبکہ12نئے جانور خریدنے پر 4کروڑ 87لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ صوبائی وزراء نے چڑیا گھر لاہور کا دورہ اور چڑیا گھر لاہور میں موجود سہولتوں میں اضافے اور لینڈ سیکپنگ کے ذریعے اسے مزید پرکشش بنانے اور آمدن میں اضافے کے بارے میں لائحہ عمل تیار کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے ڈائریکٹرچڑیا گھر لاہور کو ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چڑیا گھر میں لینڈ سکیپنگ اور آرٹ ورک کروائیں تاکہ چڑیا گھر کی موجودہ حالت میں فوری اور پرکشش تبدیلی لائی جاسکے۔ ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات خالد ایاز خان نے اجلاس کو بتایا کہ جلوپارک میں 85کینال رقبہ پر ڈرائیو ان زو پارک تیار کرنے کے سلسلے میں پرائیویٹ سیکٹر سے مذاکرات کئے جاچکے ہیں اور اس کا ماسٹر پلان تیاری کے آخر مراحل میں ہے اور اس تعمیر سے لاہور چڑیا گھر اور سفاری زو پارک سے لوگوں کا رش کم ہو جائے گا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ ہونے والے اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد بارے رپورٹ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :