شریف برادران اور مرکزی حکومت کا خیبر پختونخواکے حقوق نظر اندازکرنا قابل مذمت ہے،سنئیرصوبائی وزیر عنایت اﷲ

پیر 4 جنوری 2016 22:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر عنایت اﷲ خان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ نوازشریف وزارت عظمیٰ کی بجائے لاہور کے میئرکاکردار اداکر رہے ہیں جبکہ دیگر صوبوں باالخصوص خیبر پختونخواکے حقوق کو مسلسل نظر اندازکر رہے ہیں جو قابل مذمت بات ہے انہوں نے مرکزی حکومت سے پرزور مطالبہ کیاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کو اصل شکل میں بحال کریں بصورت دیگر ہم متحدہ طور پر اسے صوبے سے گزرنے نہیں دیں گے انہوں نے واضح کیاکہ منصوبے کا اصل روٹ چترال سے شروع ہو کر نوشہرہ کے راستے گوادر تک جاتا ہے اور اس پر تمام سہولیات کے ساتھ یہیں سے عمل درآمد ہوناہی اس کی کامیابی کا ضامن ہو سکتا ہے وہ دولت پورہ چارسدہ میں بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے جس سے صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ،جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان، ضلعی امیر مصباح اﷲ ،سابق ایم پی اے ارشد خان اور سابق ضلعی امیر محمد ریاض خان نے بھی خطاب کیا اس موقع پر سابق ناظم یو سی دولت پورہ ارشاد افضل نے اپنے سینکڑوں کارکنوں کے ہمراہ جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیااور جماعت کی مرکزی اور صوبائی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا جلسے سے خطاب میں عنایت اﷲ نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف نے ژوب میں مولانا فضل الرحمان،محمود خان اچکزئی،میاں افتخار حسین اور دیگر سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ہمراہ مبینہ طور پر اکنامک کوریڈور کی چھ لین شاہراہ کا افتتاح کیا تھا مگر وہ محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے دھوکہ اور ڈھونگ تھاکیونکہ یہ دراصل کوریڈور نہیں تھاکوریڈورصرف سڑک کا نام نہیں ہوتا بلکہ اس میں گیس،بجلی،ریلوے لائن،ایل این جی لائن اور صنعتی زون کا شامل ہونا بھی ضروری ہوتا ہے ا نہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل نظریاتی اور جمہوری جماعت ہے یہ کسی خان یا وڈیرے کی جاگیر نہیں اور نہ ہی ہم موروثی سیاست کے قائل ہیں ہم اقتدار میں آ کر ملک میں امن و امان،عدل و انصاف اور معاشی خوشحالی کا بول بالا کریں گے ہم عوام کو خدمت کے جذبے سے سرشار مخلص قیادت مہیاکریں گے انہوں نے کہاکہ چارسدہ میں جماعت اسلامی کی مقبولیت میں روزبروزاضافہ ہو رہا ہے اور جلد چارسدہ میں دیر کی طرح جماعت اسلامی ایک بڑی سیاسی قوت بنکر ابھرے گی اس موقع پر انہوں نے چارسدہ کی تعمیر وترقی اوربلدیاتی نمائندوں کو فنڈز و اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے کئی اقدامات کاذکر بھی کیا اور یقین دلایاکہ ہم عوامی نمائندوں کو مایوس نہیں کریں گے بلکہ انہیں خوشخبریاں دیں گے

متعلقہ عنوان :