وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ، اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے لیگل فریم ورک کو موثر اور جامع بنانے کا فیصلہ

بھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، ڈی سی اوز، ڈی پی اوز کارکردگی مانیٹرکریں گے، اینٹوں کے بھٹوں کی رجسٹریشن کیلئے 7روز میں رپورٹ پیش کی جائے،وزیر اعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 4 جنوری 2016 22:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج یہاں اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے قائم کردہ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا - جس میں اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے لیگل فریم ورک کو موثر اور جامع بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور کہاگیا کہ اس ضمن میں آرڈیننس کا اجراء کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں پر چائلڈ لیبرکا خاتمہ کریں گے -اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کرایا جائے گااور انہیں وظیفہ بھی دیا جائے گا-انہوں نے کہا کہبھٹوں پر چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے ضلع کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی - متعلقہ اضلاع کے ڈی سی او زاور ڈی پی اوز ضلعی کمیٹیوں کی کارکردگی مانیٹرکریں گے جبکہ ان ضلعی کمیٹیوں کی ہفتہ وار باقاعدہ میٹنگ ہو گی اورڈی سی اوز اور ڈی پی اوز خود بھی اینٹوں کے بھٹوں کو چیک کرنے کے پابند ہوں گے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے حوالے سے آرڈیننس کے اجراء کے لئے متعلقہ محکمے آرڈیننس کا مسودہ جلد مرتب کر کے پیش کریں - وزیر اعلی نے سیکرٹری صنعت کو ہدایت کی کہ اینٹوں کے بھٹوں کی رجسٹریشن کے لئے سات روز میں رپورٹ پیش کی جائے اورسکولوں میں بچوں کے قیام و طعام کا بھی جائزہ لیا جائے-بچوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی اور ان کے علاج و معالجے کے حوالے سے جامع پروگرام وضع کیا جائے - صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ، راجہ اشفاق سرور، رانا مشہود احمد،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی -

متعلقہ عنوان :