پی آئی اے کے امور کا جائزہ لینے کیلئے قائم قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے وفاقی وزیر زاہد حامد کوچیئرمین منتخب کر لیا

قومی ایئر لائن کی 10 سالہ کارکردگی پر چیئرمین پی آئی اے سے پیر کو بریفنگ لی جائے گی

پیر 4 جنوری 2016 21:42

اسلام آباد ۔ 04 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) قومی ایئر لائن پی آئی اے کے امور کا جائزہ لینے کیلئے قائم قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے وفاقی وزیر زاہد حامد کو کثرت رائے سے چیئرمین منتخب کر لیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پی آئی اے کی 10 سالہ کارکردگی پر چیئرمین پی آئی اے سے پیر کو ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ لی جائے گی۔

کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان وفاقی وزراء زاہد حامد، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت انوشہ رحمان، رانا محمد افضل خان، اقبال محمد علی خان، اعجازالحق، شیخ رشید احمد، سید نوید قمر، صاحبزادہ طارق اللہ، ڈاکٹر جی جی جمال، شائستہ پرویز ملک، اسد عمر سمیت وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، چیئرمین پی آئی اے، چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کی اکثریت نے وفاقی وزیر زاہد حامد کو کمیٹی کا چیئرمین منتخب کر لیا۔ ان کے مقابلہ میں سید نوید قمر کو صرف 5 ووٹ ملے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی آئی اے قومی ادارہ ہے، ساری قوم چاہتی ہے کہ اس ادارے کی کاکردگی بہتر ہو جائے، کمیٹی اس قومی ادارے کی بہتری کیلئے جو حل تجویز کرے گی اس پر عمل درآمد کیا جائے گا، اگر ضرورت پڑی تو قوانین میں ترامیم بھی کی جائیں گی۔

کمیٹی کے ارکان اسد عمر، شیخ رشید احمد، ڈاکٹر جی جی جمال اور سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ کمیٹی کو قدم بہ قدم آگے بڑھنا چاہئے، ہمیں پہلے اس بات کا جائزہ لینا چاہئے کہ اداروں کے اصل مسائل کیا ہیں، اس کیلئے پی آئی اے کی گذشتہ 10 سالہ کارکردگی پر بریفنگ دی جائے۔ کمیٹی کے چیئرمین زاہد حامد نے پی آئی اے کے چیئرمین کو ہدایت کی کہ آئندہ پیر کو کمیٹی کو بریفنگ دی جائے۔