الیکشن کمیشن پنجاب نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف برداری کیلئے جوڈیشل افسران کی خدمات مانگ لیں

ہر تحصیل میں ایک جوڈیشل افسر مقرر کیا جائے ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوائے گئے خط میں درخواست

پیر 4 جنوری 2016 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) الیکشن کمیشن پنجاب نے بلدیاتی نمائندوں سے حلف برداری کے لئے جوڈیشل افسران کی خدمات مانگ لیں ۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل افسران کے تقرر کے لئے الیکشن کمیشن نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خط بھی لکھ دیا ہے۔جس میں صوبائی الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ہر تحصیل میں ایک جوڈیشل افسر مقرر کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

جوڈیشل افسران پنجاب کے چھتیس اضلاع کے یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین،کونسلرز سے حلف لیں گے۔بلدیاتی نمائندوں سے حلف کے لینے کے بعد میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین ضلع کونسلز اور چیئرمین میونسپل کمیٹی کے انتخابات کا مرحلہ شروع ہوگا۔ذرائع کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کے لئے لارڈمیئر اور نو ڈپٹی میئرز کا انتخاب ہوگا۔میونسپل کارپوریشنوں کے لئے میئر اور میونسپل کمیٹوں کے لئے چیئرمین میونسپل کمیٹی کا انتخاب ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی پینتیس ضلع کونسلوں میں چیئرمین ضلع کونسل کا انتخاب کیا جائے گا۔