حکومت فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے ،اس حوالے سے قومی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، نفرت انگریز تقاریر کرنے والوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پکڑا جا رہا ہے ، حکومت نے سرکاری حج کا خرچہ 3لاکھ 26ہزار سے کم کر کے 2لاکھ 64ہزار کر دیا ہے ، پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، پرائیویٹ عمرہ کرانے والی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے وزیراعظم سے مینڈیٹ مانگا ہے ، حکومت بلوچستان کو اس کے حصہ کی 600میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے ، پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے 50,000میگاواٹ تک گنجائش موجود ہے ،مقامی صنعت کے تحفظ کیلئے ریگولیٹری ڈیوٹی 25 فیصد سے 65فیصد کرنے کی تجویز دی گئی

قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اورپارلیمانی سیکرٹری رجب بلوچ کے ارکان کے سوالوں کے جواب

پیر 4 جنوری 2016 20:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) حکومت نے قومی اسمبلی وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ فرقہ ورانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے اور فرقہ ورانہ اختلافات کو ختم کرنے کے لئے وفاقی وزیر اوقاف ومذہبی امور کی سربراہی میں قومی کمیٹی تشکیل دی ہے، نفرت انگریز تقاریر کرنے والوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت پکڑا جا رہا ہے ، حکومت نے سرکاری حج کا خرچہ 3لاکھ 26ہزار سے کم کر کے 2لاکھ 64ہزار کر دیا گیا ہے ، پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، پرائیویٹ عمرہ کرانے والی کمپنیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لئے وزیراعظم سے مینڈیٹ مانگا ہے ، وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ حکومت بلوچستان کو اس کے حصہ کی 600میگاواٹ بجلی فراہم کر رہی ہے ، لوڈ شیڈنگ کو ملک کے دوسرے صوبے کے برابر کرنے کے لئے 28000ٹیوب ویلز کو بجلی سے سولر پر منتقل کیا جائے گا ،ملک میں پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے 50,000میگاواٹ تک گنجائش موجود ہے ، پارلیمانی سیکرٹری رجب علی بلوچ نے کہا کہ گوشت اور دودھ کی ضروریات پورا کرنے کے لئے مناسب تعدادمیں لائیو سٹاک موجود ہے ، مقامی انڈسٹری کے تحفظ کے لئے ریگولیٹری ڈیوٹی 25 فیصد سے 65فیصد کرنے کی تجویز دی گئی، دودھ کی کوالٹی اور پیداوار کو بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ اعلان کردہ اقدامات کو عملی جامع پہنایا جائے ۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا،تلاوت قرآن پاک اور نعت کے بعد سپیکر نے وقفہ سوالات کا آغاز کرایا، دودھ کی پیداوار اور کوالٹی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری رجب علی بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ گوشت اور دودھ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مناسب تعداد میں لائیو سٹاک موجود ہے تا ہم دودھ دینے والے جانوروں کی کم پیداواری صلاحت اور شیر خوار بچوں کے دودھ کے فارمولہ اور استعمال کی جانے والی ادویات کی بدولت مقامی دودھ قابل استعمال نہ ہونے کی وجہ سے بہت کم مقدار میں دودھ درآمد کیا جاتا ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈیر ی انڈسٹری کو پروٹیکشن دینے کے لئے درآمد کئے جانے والے دودھ ریگولیٹر ی ڈیوٹی 25فیصد سے بڑھا کر 65فیصد کرنے کی تجویز دی تھی، انہوں نے کہا کہ دودھ کی کوالٹی اور پیداوار بڑھانے کے لئے ضروری ہے کہ اعلیٰ نسل کے جانور درآمد کئے جائیں ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ دوسال میں 50ہزار اعلیٰ نسل کے جانور درآمد کئے ہیں جس سے دودھ کی پیداوار اور کوالٹی میں بہتری آئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ایف اے آرسی کو بند نہیں کیا جا رہا، انہوں نے کہا کہ 2008سے اب تک برڈفلوکا کوئی کیس سامنے نہیں آیا اور مویشیوں کے امراض سمیت دیگر کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، وفاقی وزیر صنعت وپیداوار نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ سمیڈا متعدد امدادی شعبوں میں بشمول بنیادی سہولیات کی فراہمی اور خواتین کاروباری اداروں کے کاروبار کے فروغ کے لئے کام کررہا ہے اور خواتین کو درپیش کاروباری مسائل اور مشکلات کو حل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 ہزار خواتین ٹریننگ دی رہی ہیں اور 4 صوبوں کی خواتین کو قرعہ اندازی کے ذریعہ قرض فراہم کیا جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر مملکت برائے اوقاف و مذہبی امور پیر امین الحسنات شاہ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایوان کوبتایا کہ حکومت مختلف فرقوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے جامع اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ فرقوں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لئے ایک قومی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ نفرت انگیز تقریریں کرنے والوں کو پکڑا جا رہا ہے لوڈ سپیکر کے ناجائز استعمال کو روکنے کے لئے ایمپلی فائر ایکٹ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماریاں بہت پرانی ہیں ۔ آہستہ آہستہ ختم ہوں گی ۔ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے حوالے سے سوال کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت حج سروس کوبہترکرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ۔

پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کو کنٹرول کرنے کے لئے ان کا پیڈ اپ کیپیٹل 7 سے 10 ملین کر دیا ہے اور ان کو حجاج کے ساتھ سروس کے حوالے سے تحریری معاہدہ کا پابند بنایا گیا ہے اور پانچ فیصد گارنٹی اپنے پاس رکھتی ہے جو حاجیوں کی طرف سے اطمینان کی صورت میں حج ٹور آپریٹر کو واپس کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2013 میں ایک حاجی کا حج پر خرچہ تین لاکھ 26 ہزار تھا اب حکومت نے کم کرکے 2 لاکھ 64 ہزار کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمرے کے حوالے سے وزیر اعظم کو کہا ہے کہ وہ پرائیویٹ عمرہ کرانے والے کے حوالے سے مینڈیٹ دیں تاکہ عمرہ سروس بہتر کر سکیں۔ وفاقی وزیر برائے سیفران عبدالقادر بلوچ نے بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ کو کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ذمہ واپڈا کے 150 ارب واجب الادا ہیں اور غیر قانونی کنکشن کی وجہ سے بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ بڑھ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کو اس کے کوٹہ کی 600 میگا واٹ بجلی فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان میں 28000 ٹیوب ویلز جو بجلی پر چل رہے ہیں سولر پر منتقل کر رہی ہے تاکہ بجلی کی بچت کی جا سکے انہوں نے کہا کہ اگلے دو سال میں بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ ملک کے دیگر صوبوں کے برابر آجائے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت دیہات کو 8 گھنٹے جب کہ شہروں کو 10 سے 12 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 50000 میگا واٹ پانی سے بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے لیکن اس میں 8 سے 9 سال لگ جاتے ہیں اور کثیر فنڈز درکار ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے