وزیراعظم سعودی عرب ایران کشیدگی پر فوری آل پارٹیز کانفرنس منعقد کریں،امت مسلمہ میں بے چینی بڑھ گئی، کشیدگی ختم ہونی چاہئے، وزیراعظم پیش رفت کریں

مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کابیان

پیر 4 جنوری 2016 19:48

اسلام آباد/لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی موجودہ صورتحال میں مسلم امہ کے مفاد میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت ایک بحران کی حالت میں ہے اور ایسے وقت میں دو مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی ساری امت میں بے چینی بڑھانے کا سبب بن گئی ہے۔

چودھری شجاعت حسین نے تجویز پیش کی ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف سعودی عرب، ایران کے مابین کشیدگی کو ختم کرانے کیلئے پیش رفت کریں اور اس سلسلہ میں فوراً آل پارٹیز کانفرنس منعقد کر کے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو اسلامی ممالک میں کشیدگی ختم ہونی چاہئے اس سے خطہ پرسکون ہو گا اور ہم آہنگی بڑھے گی۔