کسی فرد یا ادارے کوزبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے، من پسند احتساب، مقدس گائے کا نظریہ، دوہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کیلئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بدترین کرپشن ہے ، اس کی مزاحمت کی جائے گی ، ہمیں "دانش کی کرپشن" کے مسئلہ سے نمٹنا ہے،عوام پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کے سیاسی فلسفہ کا مطالعہ کریں، اس فلسفہ کی مدد سے ملک کو درپیش سماجی، اقتصادی اورسیاسی چیلنجوں پر قابو پانے کی راہ ڈھونڈیں

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا ذوالفقار بھٹو شہید کی 88ویں سالگرہ پر پیغام

پیر 4 جنوری 2016 19:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی فلسفہ کا مطالعہ کریں اور اس فلسفہ کی مدد سے ملک کو درپیش سماجی، اقتصادی اورسیاسی چیلنجوں پر قابو پانے کی راہ ڈھونڈیں، ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کسی فرد یا ادارے کوزبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے کیونکہ یہ اقتدار صرف اور صرف عوام کا حق ہے،قوانین پر انتظامیہ کو بغیر کسی کی دخل اندازی کے عمل کرنا چاہیے، پیپلزپارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جاتے رہے ہیں،من پسند احتساب، مقدس گائے کا نظریہ، دوہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے ، اس کی مزاحمت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہمیں "دانش کی کرپشن" کے مسئلہ سے بھی نمٹنا ہے ، وہ لوگ جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف لے کر آئین سے روگردانی کی، ڈکٹیٹروں کی جانب سے ملک پر قبضہ کی توثیق کی اور" نان سٹیٹ ایکٹرز" کے ذریعہ ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ان سب لوگوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 88ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی عوام بالخصوص پاکستانی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی فلسفہ کا مطالعہ کریں اور اس فلسفہ کی مدد سے ملک کو درپیش سماجی، اقتصادی اورسیاسی چیلنجوں پر قابو پانے کی راہ ڈھونڈیں۔

شہید بھٹو کا نظریہ تھا کہ اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں۔ آج کے روز ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کسی فرد یا ادارے کوزبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے کیونکہ یہ اقتدار صرف اور صرف عوام کا حق ہے۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے سابق صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مذہب کے نام پر ہم انتہاپسندوں کو اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس میں کہا گیا ہے کہ صرف اور صرف پارلیمنٹ ہی کو اختیار ہے کہ عوام کے لئے آئین میں ترامیم کر سکے اور قانون سازی بھی کر سکے۔ عدلیہ کو یہ اختیار ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے بنائے گئے قوانین کی آئین ہی کے تناظر میں نظرثانی کر سکے لیکن عدلیہ کوئی قانون سازی نہیں کرسکتی اور نہ ہی اس کی مجاز ہے۔

قوانین پر انتظامیہ کو بغیر کسی کی دخل اندازی کے عمل کرنا چاہیے۔ آج کے روز ہم آئین کی حفاظت کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ من پسند احتساب، مقدس گائے کا نظریہ، دوہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے۔

اس کی مزاحمت کی جائے گی۔ ہمیں "دانش کی کرپشن" کے مسئلہ سے بھی نمٹنا ہے۔ وہ لوگ جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف لے کر آئین سے روگردانی کی، ڈکٹیٹروں کی جانب سے ملک پر قبضہ کی توثیق کی اور" نان سٹیٹ ایکٹرز" کے ذریعہ ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ان سب لوگوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے۔ آج کے دن پاکستان پیپلزپارٹی ان تمام لوگوں کو خراجِ عقیدت اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے ظلم کے خاتمے کے لئے جدوجہد کی، جبر کی مزاحمت کی، جمہوریت کی بحالی کے لئے قربانیاں پیش کیں اور جمہوری روایات کے ساتھ ثابت قدم رہے۔