فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں دو ارب39کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 4 جنوری 2016 18:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 جنوری۔2016ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی آڈٹ رپورٹ میں ادارے کے اندر دو ارب39کروڑ سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف بی آر کو وصولی کے لیے دو ماہ کی مہلت دے دی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس شاہدہ اختر کی زیر صدارت ہوا جس میں ایف بی آر کی آڈٹ رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ایگزیکٹو پاورز کے غلط استعمال سے ادارے کو68 کروڑ 14 لاکھ روپے کا نقصان ہوا جبکہ لاہور کے فارم کو خام مال کی درآمد میں کسٹم لیوی کی چھوٹ قواعد کی خلاف ورزی تھی۔ایف بی آر کے ذمہ واجبات سے متعلق معاملات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ایف بی آر کی مانیٹرنگ اینڈ عملدرآمدکمیٹی کو بھجوا دیے۔ چیئرمین ایف بی آر ناصر محمد خان نے کمیٹی کو بتایا واجبات کی وصولی کے لیے کولیکٹر کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔