فضائیہ کے ایئر وائس مارشل فاروق حبیب کی ایئر مارشل اور ایئر کموڈور محمد خالد دبیر کی ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی

پیر 4 جنوری 2016 18:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء)حکومت نے ایئر وائس مارشل فاروق حبیب کو ایئر مارشل اور ایئر کموڈور محمد خالد دبیر کو ایئر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ یہ بات پیر کو جاری ہونے والے باضابطہ نوٹیفیکیشن میں بتائی گئی۔ ایئر مارشل فاروق حبیب نے جون 1982ء میں پاک فضائیہ میں جنرل ڈیوٹی پائلٹ کی حیثیت سے کمیشن حاصل کیا تھا۔

اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکوارڈن، آپریشنل ایئر بیس کی کمان کی اور کمانڈنٹ ایئر وار کالج فیصل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ وہ سعودی عرب میں بھی ڈیپوٹیشن پر تعینات رہے۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ان کی اسٹاف تعیناتیوں میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز برانچ اور اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (سیفٹی) شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت وہ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (تربیت) انجام دے رہے ہیں۔

وہ ڈیفنس اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز ہیں۔ انہیں ستارہ ء امتیاز (عسکری) مل چکا ہے۔ ایئر وائس مارشل محمد خالد دبیر نے نومبر 1985ء میں پاک فضائیہ میں جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکوارڈن اور آپریشنل ایئر بیس کی کمان کی۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز میں ان کی تعیناتیوں میں ڈائریکٹر (جی ڈی) گروپ اور اسسٹنٹ چیف آف ایئر اسٹاف (پرسانل آفیسرز) شامل ہیں۔ انہوں نے چیف آف ایئر اسٹاف کے سیکریٹری کی حیثیت سے اور سعودی عرب میں ڈیپوٹیشن پر بھی خدمات انجام دیں۔ وہ اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز ہیں۔ انہیں تمغہ ء امتیاز (عسکری) مل چکا ہے۔