بنوں، اسپیشل پولیس یونٹ کی پیروخیل میں کارروائیاں،کالعدم تنظیم کے اہم رکن سمیت سات دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور بارودی مواد برآمد

دہشت گردوں کا تعلق میرانشاہ ، میرعلی اور بنوں سے ہے جو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے،حکام

پیر 4 جنوری 2016 18:24

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) اسپیشل پولیس یونٹ نے پیروخیل میں کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا،حکام کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق میرانشاہ ، میرعلی اور بنوں سے ہے جو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے ۔اطلاعات کے مطابق اسپیشل پولیس یونٹ نے مصدقہ اطلاعات پر بنوں کے علاقے پیروخیل میں کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 20 تیار شدہ بم ، 2 کلو بارود، ڈیٹو نیٹر ، سیفٹی فیوز ، پرائما کارڈ نٹ بولڈ برآمد کرلئے۔

اسپیشل پولیس یونٹ کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کا تعلق میرانشاہ ، میرعلی اور بنوں سے ہے جو دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے، دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسپیشل پولیس یونٹ بنوں سے جاری بیان کے مطابق پہلی کارروائی تھانہ میریان کے علاقہ میں کی گئی جہاں سے صداقت اﷲ نامی دہشتگرد کو 3 کلوگرام بارودی مواد برآمد ہوا۔

دہشتگرد کالعدم تنظیم کا رکن ہے جس کا تعلق پشاور کے علقہ بڈھ بیر سے ہے۔دوسری کارروائی بنوں کے علاقہ پیروخیل میں کی گئی جہاں ایک زیر تعمیر گھر سے 6 دہشتگردوں کو گرفتارکیاگیا جن کے نام عابد، شمس الرحمن، انورکمال، صفدراقبال، منصوراور قدرت اﷲ شامل ہیں۔ انکا تعلق بنوں اور فاٹا سے بتایاگیا ہے۔ دہشتگردوں کے قبضہ سے 2کلوبارود، ڈیٹونیٹرز، دو پستول اور ایک کلاشنکوف برآمد ہوئی۔