وزیراعظم نواز شریف کا سری لنکا کے تین روزہ سرکاری دورہ پرکولمبو پہنچنے پرپرتپاک خیرمقدم

دورے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے

پیر 4 جنوری 2016 18:24

اسلام آباد/کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف پیر کو سری لنکا کے تین روزہ سرکاری دورہ پرکولمبو پہنچے جہاں ان کا انتہائی پرتپاک خیرمقدم کیا گیا،اپنے دورے میں وہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔سری لنکا کے وزیراعظم رانیل شریان وکرما سنگھے نے اپنے وزیرخارجہ کے ہمراہ پاکستانی ہم منصب کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔

وزیراعظم سری لنکا کے صدر اور دیگر قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ بیگم کلثوم نواز، وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کا دورہ تجارت، دفاعی پیداوار، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔وزیراعظم اپنے دورے میں سری لنکا کے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے ایک اجلاس سے بھی خطاب کریں گے جس میں وہ پاکستانی حکومت کی ترجیحات اور علاقائی و عالمی امور پر انہیں پاکستان کی پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔وزیراعظم سری لنکا کے لکشمن کادرگامرانسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈسٹریٹجک سٹڈیز کی دعوت پر وہاں ایک لیکچر بھی دیں گے۔