تعلیم پر سرمایہ کاری معاشرے میں تبدیلی کی ضامن ہے، سیکرٹری مالیات تنظیم اساتذہ پاکستان

آرمی چیف کے تعلیم پر سرمایہ کاری کے خیالات کی تحسین کرتے ہیں۔ خیر اللہ خواری

پیر 4 جنوری 2016 17:48

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) تنظیم اساتذہ پاکستان عرصہ دراز سے حکام بالاسے اس امر کا مطالبہ کرتی رہی ہے کہ تعلیم پرخرچ کو بوجھ سمجھنے کی بجائے سرمایہ کاری سمجھا جائے۔ اس سرمایہ کاری کے نتیجہ میں آئندہ نسلوں کی ذہنی افزودگی اور تکنیکی مہارت کے حصول کے ساتھ ساتھ پاکستان کی ترقی و خوشحالی جڑی ہوئی ہے۔ ہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حالیہ بیا ن کی بھرپور تائید کرتے ہیں جس میں اُنہوں نے تعلیم پر سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی ہے اور شمالی وجنوبی وزیرستان میں اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا جارہا ہے اور آرمی کی طرف سے ان علاقوں میں تعلیم کے حوالے سے متعدد منصوبے شروع کئے گئے ہیں جو کہ قابل تحسین ہیں۔

ان خیالات کا اظہار تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری مالیات خیر اللہ حواری نے اساتذہ سے اپنے خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جن اقوام نے ماضی میں تعلیم پر سرمایہ کاری کی تھی وہ آج امن و امان خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جبکہ پاکستان اور اسی طرح کے کچھ دیگرممالک شعبہ تعلیم کو نظر انداز کرکے بدامنی، انتشار اورمعاشرتی گراوٹ کا شکار ہیں۔ اُنہوں نے ذمہ داران تعلیم کو متنبہ کیا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ ہم بہتر منصوبہ بندی اور اخلاص کے ساتھ تعلیم کیلئے مناسب ترین بجٹ مختص کریں تاکہ پاکستان جلد از جلد اپنے قیام کے حقیقی مقاصد حاصل کرتے ہوئے ایک عظیم اسلامی فلاحی ریاست کا عملی نمونہ بن سکے ۔

متعلقہ عنوان :