شیخوپورہ،ضلع کے دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات بہم پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے، ڈی سی او کرن خورشید

پنجاب حکومت ٹیلی میڈسن منصوبے کا آغاز یہاں سے کر رہی ہے، مرکز بنیادی صحت داموآنہ میں ٹیلی میڈیسن منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب

پیر 4 جنوری 2016 17:39

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 جنوری۔2016ء) ضلع کے دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات بہم پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے، پونے دو کروڑ روپے کی لاگت سے داموآنہ کے بنیادی مرکز صحت میں شروع ہونے والاپاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ٹیلی میڈیسن کے ذریعے عوام کے پیسے اور وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ منفرد منصوبہ ہوگا ۔

اور یہ اعزاز ضلع شیخوپورہ کو حاصل ہوا ہے پنجاب حکومت ٹیلی میڈسن منصوبے کا آغاز یہاں سے کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او کرن خورشید نے صوبائی ٹیم لیڈر برائے سب نیشنل گورننس حامد یعقوب شیخ کے ہمراہ مرکز بنیادی صحت داموآنہ میں ٹیلی میڈیسن منصوبے کے افتتاح کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار احمد، ضلعی صدر جرنلسٹ ایسو سی ایشن الیاس گجر، مسلم لیگ ن کے ضلعی سیکرٹری انفارمیشن یوتھ ونگ محمد یعقوب سندھو ، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر دلدار احمد، پراونشل ایڈوائزر برائے سب نیشنل گورننس نوید صالح صدیق، ڈسٹرکٹ ٹیم لیڈر شعیب اقبال سید ، ڈی او پلاننگ فرحان راشد اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی ٹیم لیڈر برائے سب نیشنل گورننس حامد یعقوب شیخ نے بتایا کہ ٹیلی میڈسن ایک جدید طریقہ علاج ہے جس کے ذریعے دور دراز دیہاتوں میں رہنے والے مریضوں کا علاج ان کے مقامی بنیادی مرکز صحت میں کیا جائے گا۔ مریض اپنے قریبی مرکز صحت میں آئے گا جہاں اس کا معائنہ ٹیلی میڈسن کے جدید آلات سے کیا جائے گا۔ یہ آلات انٹر نیٹ کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال سے منسلک ہیں اور بنیادی مرکز صحت میں چیک اپ کروانے والے مریضوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز براہ راست کمپیوٹر سکرین پر دیکھ سکیں گے اور ان کے مرض کی تشخیص کے بعد اس کا علاج تجویز کریں گے۔

ان میں الٹرا ساؤنڈ ، ای سی جی، بلڈ پریشر، شوگر اور جلد وغیرہ کو چیک کرنے کے آلات شامل ہیں۔ اس جدید طریقہ علاج کے ذریعے غریب مریضوں کو اپنے علاقے میں رہتے ہوئے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور جدید مشینوں سے علاج کی مفت سہولت میسر آئے گی۔ٹیلی میڈیسن طریقہ علاج سے جہاں وقت اور مالی بچت ہو گی وہیں سپیشلسٹ ڈاکٹرز تک آسانی رسائی بھی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیلی میڈسن منصوبے کا آغاز ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ، یو کے اور سب نیشنل گورننس کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ داکٹر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ٹیلی میڈیسن منصوبہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ شیخوپورہ کا ایک اور انقلابی اقدام ہے جس کے تحت دور دراز کے پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات پہنچائی جائیں گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید کی خصوصی کاوشوں سے پنجاب میں اپنی نوعیت کاپہلامنصوبہ متعارف کروایا جا رہا ہے جس کا آغاز داموآنہ کے ساتھ ساتھ چھاپہ مینارہ اور خانپور سمیت شیخوپورہ کے چھ دیہات میں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :