کارکردگی سے چاہنے والوں کا دوبارہ اعتماد جیتنے کی کوشش کروں گا، محمد عامر

پیر 4 جنوری 2016 17:22

کارکردگی سے چاہنے والوں کا دوبارہ اعتماد جیتنے کی کوشش کروں گا، محمد ..

اسلام آباد ۔ 04 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) پانچ سال بعد قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے والے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد عامر نے کہا ہے کہ لوگوں کا اعتمادآہستہ آہستہ بحال ہوگا، وہ اپنی کارکردگی سے چاہنے والوں کا دوبارہ اعتماد جیتنے کی کوشش کریں گے، ہر ایک کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے اور وہ سب کی عزت کرتے ہیں۔ سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ محمد عامر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں انہوں نے بہت کچھ سیکھا، زندگی کے بارے میں میرا نقطہ نظر تبدیل ہو گیا ہے، انہیں مستقبل کا علم نہیں لیکن وہ ایک مرتبہ پھر کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا چاہتے ہیں۔

محمد عامر نے کہا کہ انہیں محمد حفیظ اور اظہرعلی کے فیصلے سے کوئی تکلیف نہیں، ہر ایک کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے اور وہ ہر ایک کی عزت کرتے ہیں مگر کوئی انہیں برا کہتا ہے تو انہیں اچھا ثابت کرنے کا موقع بھی ملنا چاہیے، وہ تربیتی کیمپ میں تمام کھلاڑیوں سے ملے، سب نے ان کی بات سنی اور سمجھی، اس تنازع کے حل کا کریڈٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو جاتا ہے جس نے مذاکرات سے معاملہ حل کرایا۔

(جاری ہے)

فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ انہوں نے لوگوں کے بھروسے کو ٹھیس پہنچائی مگر اب ان پر اعتماد کیاجائے، لوگوں کا اعتمادآہستہ آہستہ بحال ہوگا، وہ اپنی عمدہ کارکردگی سے چاہنے والوں کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل کے بارے میں نہیں جانتے کہ کیا ہوگا، وقت بتائے گا کہ انہیں قبول کیا جاتا ہے یا نہیں لیکن وہ ایک مرتبہ پھر لارڈز کے میدان میں باؤلنگ کرانا چاہتے ہیں۔