وزیراعظم محمد نواز شریف سری لنکا کے دورہ پر کولمبو پہنچ گئے

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

پیر 4 جنوری 2016 17:08

کولمبو ۔ 4 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سری لنکا کی قیادت کے ساتھ باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر بات چیت کے لئے پیر کو یہاں پہنچ گئے۔ سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکراما سنگے نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں بندرا نائیکے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر سری لنکن مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

روائتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے وزیراعظم اور بیگم کلثوم نواز کو گلدستے پیش کئے۔ وزیراعظم کے وفد میں وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان، وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) سید شکیل حسین اور سری لنکا کی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

وزیراعظم سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں۔ کولمبو میں قیام کے دوران وہ سری لنکن صدر، وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان کے ساتھ دوطرفہ اور وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت، قیمتی پتھروں و زیورات، منی لانڈرنگ، انسداد دہشت گردی اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔

وزیراعظم سری لنکا کے صدر کی طرف سے اپنے اعزاز میں ضیافت اور وزیراعظم کی طرف سے ظہرانہ میں شریک ہوں گے۔ وہ لکشمن کادر گمار انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ اسٹریٹجک اسٹڈیز کی دعوت پر ارکان پارلیمان، وزراء اور سفارتی کور کے ارکان کو لیکچر بھی دیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف تاریخی شہر کینڈی میں مندر، بین الاقوامی بدھ مت میوزیم اور جناح ہال کا بھی دورہ کریں گے۔