کراچی: گزری پولیس مقابلہ:ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا

پیر 4 جنوری 2016 16:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) کراچی کے علاقے گزری میں مبینہ پولیس مقابلے کے ملزم غلام آزاد کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا گیا۔مقامی عدالت نے تفتیشی افسر کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ 14 روز میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔کراچی کے علاقے گزری میں مبینہ پولیس مقابلے میں گرفتارملزم غلام آزاد کوپیرکے روز جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نور محمد کلمتی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت ملزم نے عدالت میں بیان دیا کہ پولیس کی جانب سے اس پر تشدد کیا گیا ہے جس پر عدالتی اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ ملزم پر تشدد کے کوئی نشانات نہیں ملے ہیں۔تفتیشی افسر نے ملزم کے 15 جنوری تک جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کے خلاف پولیس مقابلہ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا کیس انسداد دہشتگردی کی عدالت کا ہے، لہذا اسے انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا جائے جس پر عدالت نے ملزم غلام آزاد کوانسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ملزم غلام آزاد کو گزشتہ ہفتے گذری میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس کے خلاف پولیس مقابلہ، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور ڈکیتی سمیت 4 مقدمات درج ہیں۔مقابلے میں ایک نوجوان زکریا جنجوعہ ہلاک ہوگیا تھا -

متعلقہ عنوان :