کراچی میں حساس اداروں نے داعش کے بھرتی سینٹروں کا سراغ لگا لیا

دوران تفتیش اورنگی ٹاوٴن سے داعش بھرتی سینٹر کے گرفتار انچارج کے سنسنی خیز انکشاف

پیر 4 جنوری 2016 16:47

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء ) کراچی میں حساس اداروں نے داعش کے بھرتی سینٹروں کا سراغ لگا لیا ہے ۔ دوران تفتیش اورنگی ٹاوٴن سے داعش بھرتی سینٹر کے گرفتار انچارج نے سنسنی خیز انکشاف کیئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملکی سلامتی پر مامور حساس ادارے نے بین الاقوامی شدت پسند تنظیموں القاعدہ اور داعش کے شہر میں بھرتی سینٹروں کا سراغ لگا لیا ۔

القاعدہ کے بھرتی سینٹر اورنگی ٹاوٴن ، گلشن اقبال ، ملیر ، گلشن حدید اور بفرزون میں قائم ہیں ۔ القاعدہ کے ذیلی گروپ برصغیر چیٹر نے ویسٹ اور سینٹرل زون کو ہدف پر رکھا ہوا ہے ۔ داعش کا ہدف شہر کے پوش علاقوں اور کالعدم تنظیموں کے منحرف کارندے ہیں ۔ اورنگی ٹاوٴن سے داعش بھرتی سینٹر کے گرفتار انچارج نے مزید سنسنی خیز انکشاف کیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کراچی سے اب تک 40 سے زائد لڑکے القاعدہ اور داعش کے پلیٹ فارم سے افغانستان اور شام جا چکے ہیں ۔ ایک درجن کے قریب لڑکے جنگ میں مارے بھی گئے ہیں ۔ انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق ملک بھر میں بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ اور ملک بھر میں کریک ڈاوٴن کے دوران گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے انکشاف کے بعد حساس اداروں نے کراچی میں بھی داعش اور القاعدہ کے زیر زمین نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ حساس ادارے نے شہر میں القاعد اور داعش کے 10 کے قریب بھرتی سینٹروں کے بارے میں ٹھوس شواہد حاصل کر لیے ہیں ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ القاعدہ کے بھرتی سینٹر گذشتہ کئی برسوں سے کراچی میں موجود ہیں اور ان کے ذریعے نوجوانوں کو برین واشنگ کے بعد افغانستان سمیت دیگر ممالک بھیجا جاتا رہا ہے تاہم کچھ عرصہ قبل وجود میں آنے والے القاعدہ کے ذیلی گروپ برصغیر چیپٹر نے بھی اپنا کافی اثر قائم کر لیا ہے ۔

ذرائع نے کہا کہ القاعدہ برصغیر چیپٹر نے اپنے بھرتی سینٹر اورنگی ٹاوٴن ، فیڈرل بی ایریا ، گلشن اقبال ، بفرزون میں قائم کیے گئے جہاں پر درجنوں نوجوانوں کی برین وانشگ بھی کی جا چکی ہے ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ سانحہ صفورا سے چند ماہ قبل وجود میں آنے والی بین الاقوامی شدت پسند تنظیم داعش کے مقامی نیٹ ورک نے بھی شہر میں اپنا اثرورسوخ بنانے کے لیے ایک تنظیم کا سہارا لیا ہے اور شہر کے مختلف علاقوں جن میں گلشن حدید ، ملیر ، ڈیفنس ، کلفٹن اور پی ای سی ایچ ایس دیگر علاقوں میں بھرتی سینٹر قائم کیے جہاں پر برین واشنگ کا کام انتہائی مہارت سے کیا جاتا ہے ۔

ذرائع نے بتایا کہ داعش کا ہدف کراچی کے پوش علاقوں میں موجود پڑھا لکھا اور نوجوان طبقہ ہے جبکہ دیگر کالعدم تنظیموں کے عسکری تربیت یافتہ منحرف کارندے بھی اس کے ہدف میں شامل ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں کی جانب سے مقامی نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں اور آئندہ چند روز کے دوران اہم گرفتاریاں سامنے آئیں گی ۔

متعلقہ عنوان :