کراچی، وی آئی پی پروٹوکول سے متصادم قوانین کی تفصیلات طلب

ان قوانین کاحوالہ دیں جووی آئی پی پروٹوکول کی اجازت نہیں دیتے،عدالت

پیر 4 جنوری 2016 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جنوری۔2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے وی آئی پی پروٹوکول کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران درخواست گزار سے وی آئی پی پروٹوکول سے متصادم قوانین کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں بنچ نے وی آئی پی پروٹوکول کے خلاف انصاربرنی ٹرسٹ کی درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزارٹرسٹی ہے، جس پر وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار ٹرسٹ کا منیجر ہے اور یہ مفادعامہ کی پٹیشن ہے۔ عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ قانون کے مطابق ٹرسٹ کے لئے یا تو ٹرسٹی پیش ہوسکتا ہے یا وکالت نامے کے ہمراہ وکیل، اس لئے اگر وکیل پیش ہونا چاہتے ہیں تو وکالت نامہ جمع کرایا جائے، جس پر وکیل نے اپنا وکالت نامہ جمع کرایا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ وی آئی پی پروٹوکول کس قانون سے متصادم ہے، وکیل کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو مطمئن کیا جائے کہ کس قانون کے تحت حکومت کو پروٹوکول کے لیے سڑکیں بند کرنے سے روکا جاسکتا ہے، ایک ہفتے میں ان قوانین کاحوالہ دیں جو وی آئی پی پروٹوکول کی اجازت نہیں دیتے۔

متعلقہ عنوان :