ایران کے بلسٹک میزائل سے متعلق پابندیاں عائد کرنے سے متعلق پیش رفت سے پہلے مزید وقت درکار ہوگا:اوبامہ انتظامیہ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 4 جنوری 2016 14:27

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 04 جنوری۔2015ء) اوباما انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس سے پہلے کہ وہ ایران کے بلسٹک میزائل سے متعلق پابندیاں عائد کرنے سے متعلق کوئی پیش رفت کرے اسے مزید وقت درکار ہوگا۔قومی سلامتی کے نائب مشیر بین رہوڈز نے ہوائی میں جہاں صدر براک اوباما چھٹیاں گزار رہے ہیں، نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اس سے پہلے کہ ہم اضافی اقدامات اٹھائیں۔

(جاری ہے)

رہوڈز نے کہا کہ اضافی اقدامات جن کے بارے میں امریکہ غور کر رہا ہے اس کی بنیاد ایران کی طرف سے کسی منفی ردعمل کی وجہ نہیں ہے۔ایران کے صدر حسن روحانی نے جمعرات کو اپنے وزیر دفاع کو نئی امریکی پابندیوں کی دھمکی کے برخلاف ایران کے میزائل پروگرام کو وسعت دینے کی ہدایت کی تھی۔امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال جولائی میں عالمی طاقتوں کے ساتھ اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کے بعد ایران دو بار بلسٹک میزائلوں کے تجربے کر چکا ہے۔ ایک تجربہ اکتوبر میں جبکہ دوسرا نومبر میں کیا گیا۔اقوام متحدہ نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے تجربے کو سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی قرار دیا جو ایران کو میزائل پروگرام کو ترقی دینے سے روکتی ہے۔