داعش میں شمولیت اختیار کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 100سے زیادہ نہیں‘ داعش کو پاکستان میں پنجے نہیں گاڑھنے دیں گے‘ پیپلز پارٹی کی حکومت میں روزانہ کرپشن ہوتی تھی‘ پنجاب حکومت کیخلاف کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں ہے

وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کی میڈیا سے بات چیت

پیر 4 جنوری 2016 14:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 100سے زیادہ نہیں، داعش کو پاکستان میں پنجے نہیں گاڑھنے دیں گے، پیپلز پارٹی کی حکومت میں روزانہ کرپشن ہوتی تھی، پنجاب حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں ہے۔ وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ داعش میں شمولیت کی منصوبہ بندی کرنے والے لوگوں کو روکا گیا ہے، برطانیہ و فرانس سمیت پوری دنیا سے لوگ داعش میں شمولیت کیلئے شام اور عراق جا رہے ہیں،پاکستان سے بھی 100کے قریب لوگ داعش میں شمولیت کیلئے عراق اور شام گئے ہیں، پاکستان میں داعش کو پنجے نہیں گاڑھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں روزانہ کرپشن ہوتی تھی،پنجاب حکومت کے خلاف کرپشن کا کوئی اسکینڈل نہیں ہے،ہم ہر وقت احتساب کیلئے تیار ہیں، ہمارے خلاف کرپشن کا کوئی ایک ثبوت بھی دیں تو سیاست چھوڑ دیں گے، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت اچھا کام کیا ہے،پاکستان میں دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے۔