خطے کا چودھری بننے کا خواب دیکھنے والے بھارت کیلئے پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملہ بھیانک خواب بن گیا

پیر 4 جنوری 2016 13:23

پٹھان کوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 جنوری۔2016ء ) خطے کا چودھری بننے کا خواب دیکھنے والے بھارت کے لیے پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملہ بھیانک خواب بن گیا ،3 دن بعد بھی ائیربیس کو حملہ آوروں سے خالی نہیں کرایا جا سکا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آخری حملہ آور کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے۔ پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملہ بھارت کے لیے بھیانک خواب بن گیا۔

اپنی تمام تر فوجی طاقت اور جدید ہتھیار استعمال کرکے بھی ائیربیس کو حملہ آوروں سے آزاد نہیں کروایا جاسکا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پانچ حملہ آور مارے جاچکے جبکہ دو کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ائیرفورس نے دو دہشت گردوں کو پکڑنے کا بھی دعویٰ ہے۔ روسی ساختہ مگ21 جنگی طیارے اور ایم آئی 35 حملہ آور ہیلی کاپٹروں کی ائیربیس پر پروازیں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتے کی صبح ساڑھے تین بجے ہونے والے اس حملے میں اب تک سات بھارتی سیکورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ پٹھان کوٹ ائیربیس پر ہونے والے اس حملے نے بھارتی سیکورٹی پر کئی سوالیہ نشان کھڑے کر دیئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے سے ایک روز پہلے سیکورٹی حکام نے ائیربیس کے باہر لگے بیرئیر ہٹا دیئے تھے جبکہ قریبی علاقے میں دکانیں بھی جلد بند کروا دی گئیں۔ حملے سے پہلے بھارتی حکام کی پھرتیاں اور اب تین روز بعد بھی آپریشن جاری ہے۔ پٹھان کوٹ ائیربیس پر حملے نے خطے کے اس نام نہاد چودھری کی دہشت گردی کے نام پر ہتھیاروں کی خریداری اور مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم ، ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔